اسرو کا پی ایس ایل وی سی 62 مشن: سری ہری کوٹہ سے روانگی کے لئے تیار، اسپین کا ری اینٹری کیپسول توجہ کا مرکز
اسپینی اسٹارٹ اپ آربیٹل پیراڈائم کا تیار کردہ کڈکیپسول 504 کلومیٹر کی بلندی پر خلا میں چھوڑا جائے گا۔ یہ کیپسول پیرا شوٹ کے بغیر ہے اس لئے اسے واپس حاصل نہیں کیا جائے گا بلکہ یہ زمین کے ماحول میں دوبارہ داخل ہوتے وقت اپنا ڈیٹا منتقل کرے گا۔
حیدرآباد: ہندوستانی خلائی تحقیقی ادارہ 12 جنوری کو صبح 10:17 بجے اے پی کے سری ہری کوٹہ سے اپنا پی ایس ایل وی۔سی 62 مشن روانہ کرنے جا رہا ہے۔
اس مشن کی سب سے خاص بات اسپین کا منفرد پے لوڈ ”کڈ“(کیسٹریل انیشل ٹکنالوجی ڈیمونسٹریٹر) ہے جسے لانچ کے تھوڑی دیر بعد زمین کے ماحول میں دوبارہ داخل ہونے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
اسپینی اسٹارٹ اپ آربیٹل پیراڈائم کا تیار کردہ کڈکیپسول 504 کلومیٹر کی بلندی پر خلا میں چھوڑا جائے گا۔ یہ کیپسول پیرا شوٹ کے بغیر ہے اس لئے اسے واپس حاصل نہیں کیا جائے گا بلکہ یہ زمین کے ماحول میں دوبارہ داخل ہوتے وقت اپنا ڈیٹا منتقل کرے گا۔
اس کا مقصد مستقبل میں خلا سے زمین تک سامان پہنچانے والے دوبارہ استعمال کے قابل کیپسول تیار کرنا ہے۔
راکٹ روانگی کے تقریباً 18 منٹ بعد ہندوستان کا بنیادی سیٹلائٹ این ون۔ای اوایس (ارتھ آبزرویشن سیٹلائٹ) اور دیگر 14 چھوٹے سیٹلائٹس کو مدار میں پہنچائے گا۔
اس مشن میں برازیل کا ایک دلچسپ سیٹلائٹ آربیٹل ٹیمپل بھی شامل ہے جس میں 14,000 سے زائد افرادکے نام محفوظ ہیں۔ یہ خلا سے ایک پیغام بھیجے گا کہ آج اس گھڑی، آپ کا بھیجا ہوا نام بلندیوں پر پہنچ گیا۔ برازیل کے دیگر سیٹلائٹس زراعت، انٹرنیٹ آف تھنگز اور ماہی گیروں کی مدد کے لئے بھیجے جا رہے ہیں۔
اس مشن میں تھائی لینڈ کا ارتھ آبزرویشن سیٹلائٹ تھیوز۔2اور نیپال کی ایک یونیورسٹی کا ٹکنالوجی ڈیمونسٹریشن سیٹلائٹ مونل بھی خلا میں روانہ کیا جائے گا۔
مشن کے آخری مرحلہ میں راکٹ کا چوتھا حصہ اور اسپینی کیپسول جنوبی بحر الکاہل میں گرنے کی توقع ہے۔ نیو اسپیس انڈیا لمیٹڈ اس تجارتی مشن کی نگرانی کر رہا ہے۔