جوبلی ہلز ضمنی الیکشن، وقار کا مسئلہ، کانگریس قائدین کو متحد ہوکر کام کرنے کی ہدایت
چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کانگریس کے سینئر قائدین سے کہا ہے کہ وہ جوبلی ہلز کے مجوزہ ضمنی الیکشن میں پارٹی کی کامیابی کے لیے کام کریں۔ انہوں نے پارٹی قائدین کو خبردار کیا کہ اس الیکشن کا نتیجہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات پر اثر انداز ہو گا۔
حیدرآباد (منصف نیوز بیورو) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کانگریس کے سینئر قائدین سے کہا ہے کہ وہ جوبلی ہلز کے مجوزہ ضمنی الیکشن میں پارٹی کی کامیابی کے لیے کام کریں۔ انہوں نے پارٹی قائدین کو خبردار کیا کہ اس الیکشن کا نتیجہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات پر اثر انداز ہو گا۔
چیف منسٹر نے انہیں یہ ضمنی الیکشن ایک وقار کا مسئلہ سمجھ کر پارٹی امیدوار کی کامیابی کے لیے متحد ہو کر کام کرنے کی ترغیب دی۔
چیف منسٹر نے سینئر قائدین کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا اور ان سے کہا کہ وہ حکومت کے ذریعہ انجام دیئے جانے والے ترقیاتی اور فلاحی کاموں کو لوگوں کے دروازوں تک لے جائیں اور کانگریس حکومت کی اب تک کی کامیابیوں کی وضاحت کریں۔
اس جائزہ اجلاس میں ریونت ریڈی نے پارٹی قائدین سے کہا کہ وہ بوتھ سطح سے مہم چلائیں تاکہ پیغام نچلی سطح تک پہنچ سکے اور لوگ فلاح و بہبود سے لے کر ترقی تک حکومت کی حاصل کردہ پیش رفت کو واضح طور پر سمجھ سکیں۔
چیف منسٹر نے کانگریس پارٹی میں لوگوں کا اعتماد اور بھروسہ پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور پارٹی قائدین سے انہوں نے کہا کہ وہ اس مقصد کے لیے شب و روز کام کریں اور لوگوں کا اعتماد حاصل کریں۔
ریونت ریڈی نے پارٹی رہنماؤں سے کہا کہ ہمیں اس طرح کام کرنا ہے کہ لوگوں میں یہ احساس پیدا ہو کہ حلقے کی ترقی صرف کانگریس پارٹی ہی ممکن ہے۔