پہلگام حملہ سے پاکستان کو جوڑنے کے خلاف سنیٹ میں قرارداد منظور
دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے بیچ پاکستانی سنیٹ نے جمعہ کے دن قراردادمنظورکرکے پہلگام دہشت گرد حملہ کو پاکستان سے جوڑنے کی ہندوستان کی ”بے بنیادکوشش“ کو مستردکردیا۔

اسلام آباد (پی ٹی آئی) دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے بیچ پاکستانی سنیٹ نے جمعہ کے دن قراردادمنظورکرکے پہلگام دہشت گرد حملہ کو پاکستان سے جوڑنے کی ہندوستان کی ”بے بنیادکوشش“ کو مستردکردیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے قرارداد پیش کی جسے پارلیمنٹ کے ایوان بالا میں سبھی جماعتوں کی تائید حاصل ہوئی۔ قرارداد میں کہاگیاکہ پاکستان کسی بھی جارحیت بشمول آبی دہشت گردی یا فوجی اشتعال انگیزی کے خلاف اپنے اقتداراعلیٰ اور علاقائی سالمیت کے دفاع کا پوری طرح اہل اور تیار ہے۔
قرارداد میں دریائے سندھ آبی معاہدہ معطل رکھنے کے ہندوستان کے فیصلہ کو اقدام جنگ سے تعبیر کیاگیا۔
قبل ازیں نائب وزیراعظم نے ایوان کو بتایاکہ دفترخارجہ نے 26 ممالک کے سفارتکاروں کو خطہ کی موجودہ صورتحال سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہندوستان کی کسی بھی حماقت کا جواب دینے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔