جوبلی ہلز قبرستان کی زمین کا مسئلہ حل، محمد اظہرالدین کی قیادت میں حکومت کا بڑا فیصلہ
تلنگانہ سکریٹریٹ میں منعقدہ ایک اہم ریویو میٹنگ کے دوران وزیر برائے اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین کی قیادت اور مسلسل کوششوں کے نتیجے میں جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ سے متعلق دیرینہ قبرستان کی زمین کا مسئلہ بالآخر حل کر لیا گیا۔
تلنگانہ سکریٹریٹ میں منعقدہ ایک اہم ریویو میٹنگ کے دوران وزیر برائے اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین کی قیادت اور مسلسل کوششوں کے نتیجے میں جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ سے متعلق دیرینہ قبرستان کی زمین کا مسئلہ بالآخر حل کر لیا گیا۔ اس فیصلے کو کانگریس حکومت کا ایک سخت اور دور رس اقدام قرار دیا جا رہا ہے، جس سے اقلیتی برادری کو بڑی راحت ملی ہے۔
اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں ریونیو، ہاؤسنگ اور اطلاعات و تعلقاتِ عامہ کے وزیر پونگولیٹی سرینواس ریڈی، جوبلی ہلز کے ایم ایل اے نوین یادو، فہیم قریشی (چیئرمین، ٹی جی آئی ایم آر آئی ایس)، متعلقہ محکموں کے سینئر عہدیداران کے علاوہ ایرّاگڈہ، بورابنڈہ اور شیخ پیٹ کے قبرستان کمیٹیوں کے نمائندے شریک تھے۔
اجلاس کے دوران وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین نے قبرستان کی زمین کے معاملے میں اقلیتی برادری کو درپیش مشکلات کو تفصیل کے ساتھ حکومت کے سامنے رکھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ مسئلہ برسوں سے حل طلب تھا اور اس کا باوقار، قانونی اور مستقل حل نہایت ضروری ہے۔
ریونیو وزیر پونگولیٹی سرینواس ریڈی نے اس موقع پر کہا کہ سرکاری زمین عوامی اثاثہ ہوتی ہے اور اس پر کسی بھی قسم کی ناجائز قبضہ داری کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ حکومت کی پالیسی میں تجاوزات کے لیے زیرو ٹالرنس ہے، تاہم قبرستان کے مسئلے کو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے حل کیا جائے گا۔
میٹنگ میں یہ ہدایت دی گئی کہ ریونیو ڈیپارٹمنٹ، ڈیفنس ڈیپارٹمنٹ اور وقف بورڈ کے درمیان مضبوط تال میل کے ذریعے قبرستان کے لیے موزوں زمین فراہم کی جائے۔ ضرورت پڑنے پر لینڈ ایکسچینج کے عمل کو بھی اختیار کیا جائے گا تاکہ کسی قانونی رکاوٹ کے بغیر مسئلہ مستقل طور پر حل ہو سکے۔
کانگریس حکومت کے اس فیصلے سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ اقلیتی بہبود محض ایک وعدہ نہیں بلکہ حکومت کی عملی ترجیح ہے۔ قبرستان کمیٹیوں کے نمائندوں نے وزیر محمد اظہرالدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت، سنجیدہ رویہ اور مضبوط فالو اپ ہی اس اہم فیصلے کی بنیاد بنا۔
قبرستان کی زمین کے مسئلے کے حل کے بعد جوبلی ہلز کے عوام میں اطمینان پایا جا رہا ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ حکومت کے فیصلے پر جلد عمل درآمد ہوگا، جس سے ایک طویل عرصے سے چلا آ رہا مسئلہ ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائے گا۔