وقف ترمیمی بل،کے کویتا کی راہول اور پرینکا گاندھی پرتنقید
بی آر ایس کی سینئر قائد اور ایم ایل سی کے کویتا نے پارلیمنٹ کے حالیہ اجلاس کے دوران وقف ایکٹ ترمیمی بل 2025 پر کانگریس قائدین راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی کی غیر موجودگی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس پارٹی اقلیتوں کے ساتھ "منافقانہ رویہ" اختیار کر رہی ہے۔

حیدرآباد: بی آر ایس کی سینئر قائد اور ایم ایل سی کے کویتا نے پارلیمنٹ کے حالیہ اجلاس کے دوران وقف ایکٹ ترمیمی بل 2025 پر کانگریس قائدین راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی کی غیر موجودگی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس پارٹی اقلیتوں کے ساتھ "منافقانہ رویہ” اختیار کر رہی ہے۔
کویتا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا، "راہول گاندھی جو خود کو اقلیتوں کا محافظ بتاتے ہیں، اس اہم بل پر لب کشائی تک نہ کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔ کیا اقلیتیں صرف انتخابات کے وقت ہی انہیں یاد آتی ہیں؟”
انہوں نے مزید کہا کہ راہول گاندھی جو ملک بھر میں آئین تھامے گھوم رہے ہیں، وہ اس بل پر خاموشی اختیار کرکے مسلمانوں کے ساتھ مذاق کر رہے ہیں۔
کویتا نے سخت لہجہ میں کہاکہ "راہول گاندھی کا مقصد صرف انتخابی مفاد کے لیے ٹوپی پہننا ہے۔ جب اقلیتوں کے حق میں بولنے کا وقت آیا تو وہ پیچھے ہٹ گئے،” ۔
کویتا نے پرینکا گاندھی وڈرا پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسے حساس اور اہم موضوع پر ان کی پارلیمنٹ میں غیر موجودگی باعث افسوس ہے۔ انہوں نے سوال کیا، "کیا کانگریس اقلیتوں کا نام صرف ووٹ حاصل کرنے کے لیے استعمال کرتی ہے؟”
ایم ایل سی کویتا نے ایک بار پھر ریاستی اسمبلی میں مہاتما جیوتی با پھولے کے مجسمے کی تنصیب کا مطالبہ دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے پر اسپیکر اور دیگر اعلیٰ حکام سے رجوع کرچکی ہیں، لیکن تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 8 اپریل کو اندر پارک میں احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔
کویتا نے الزام عائد کیا کہ موجودہ کانگریس حکومت بی سی طبقات کو مسلسل نظر انداز کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ کے سی آر حکومت میں بی سی طبقات کے لیے متعدد فلاحی اسکیمات نافذ کی گئیں، لیکن موجودہ حکومت ان کی فلاح و بہبود سے غافل ہے۔
کویتا نے دوٹوک انداز میں کہاکہ "ہم مرکز اور ریاست دونوں کو سکون سے سونے نہیں دیں گے، جب تک بی سی ریزرویشن میں اضافہ کی قرارداد اسمبلی میں منظور نہیں کی جاتی،”