کانپور ٹسٹ دلچسپ مرحلہ میں داخل، بنگلہ دیش 233 پر آؤٹ
کانپور میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹسٹ میچ کھیلاجا رہا ہے۔ میچ کے پہلے 3 دن بارش کی وجہ سے متاثر ہوئے۔ چوتھے روز گرین پارک میں موسم خوشگوار رہا جس کی وجہ سے پورے دن کا کھیل ممکن ہوسکا۔

کانپور: کانپور میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹسٹ میچ کھیلاجا رہا ہے۔ میچ کے پہلے 3 دن بارش کی وجہ سے متاثر ہوئے۔ چوتھے روز گرین پارک میں موسم خوشگوار رہا جس کی وجہ سے پورے دن کا کھیل ممکن ہوسکا۔
بنگلہ دیش نے کل کے اسکور 107/3 کے ساتھ کھیلنا شروع کیا اور پوری ٹیم 233 رن بناکر آؤٹ ہو گئی۔ مہمان ٹیم کیلئے نمبر 4 پر بیاٹنگ کرنے والے مومن الحق نے شاندار بیاٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو بھاری نقصان سے بچایا۔ مومن الحق نے 194 گیندوں کا سامنا کیا اور 17 چوکوں ایک چھکے کی مدد سے 107 رن بنائے۔
دیگر کھلاڑیوں میں مشفق الرحیم 11‘ لٹن داس 13‘ شکیب الحسن 9 اور مہدی حسن میراز 20 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ ہندوستان کی جانب سے جسپریت بمراہ نے 3 جبکہ محمد سراج‘ آکاش دیپ اور اشون نے 2,2 جبکہ رویندر جڈیجہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ ہندوستانی اننگز کا دھماکو انداز میں آغاز ہوا۔ ٹیم انڈیا نے محض 3.5 اوورس میں نصف سنچری بناکر ریکارڈ قائم کردیا۔
کپتان روہت شرما 3 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 23 جبکہ جیسوال 51 گیندوں میں 12 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 72 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں شبھمان گل 39‘ پنت 9‘ ویراٹ کوہلی 47 اور کے ایل راہول 68 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ ہندوستان نے اپنی پہلی انگز 9 وکٹ پر 285 رن بناکر ڈکلیئر کردی۔ اس طرح ٹیم انڈیا کو 52 رنوں کی سبقت حاصل ہوئی۔
چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے تک بنگلہ دیش نے اپنی دوسری اننگز میں 26 رن بنائے اور دو وکٹ گنوادیئے۔ اس طرح بنگالی ٹیم ہندوستان سے مزید 26 رن پیچھے ہے۔ سلامی بلے باز ذاکر حسن 10 اور نائٹ واچ میان حسن محمود 4 رن بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ دوسرے اوپنر شادمان اسلام 7 اور مومن الحق بغیر کوئی رن بنائے کھیل رہے تھے۔
ہندوستان کیلئے دوسری اننگز میں دونوں وکٹس اشون نے حاصل کئے۔ واضح رہے کہ پہلے دن 35 اوورز کھیلے گئے۔ بنگلہ دیش نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز بنائے تھے۔ بارش کے باعث آئندہ 2 روز تک ایک گیند بھی نہیں کرائی جاسکی۔ چوتھے روز موسم خوشگوار ہونے کی وجہ سے کھیل ممکن ہوا اور ایک ہی دن میں 18 وکٹس گرے۔