کرناٹک

کرناٹک: چار ایم ایل ایز نے نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کا مطالبہ کردیا

وزیر اعلی کے طور پر سدارامیا اور نائب وزیر اعلی کے طور پر شیوکمار کے ناموں کے اعلان کے بعد جی پرمیشور سمیت پارٹی کے تین ایم ایل ایز کے مطالبات سامنے آئے ہیں۔

بنگلورو: کرناٹک کانگریس کے سینئر لیڈر جی پرمیشور سمیت پارٹی کے چار ایم ایل ایز نے ریاستی صدر ڈی کے شیوکمار کے ساتھ نائب وزیر اعلیٰ بننے کی خواہش ظاہر کی ہے جس کے ساتھ ہی وزیر اعلیٰ کے انتخاب کو لے کر تعطل دور کرنے کے بعد اب کانگریس کے سامنے نائب وزیراعلیٰ کے عہدے کے لئے گھمسان کو ختم کرنے کا چیلنج آگیا ہے۔

متعلقہ خبریں
کولار میں ٹکٹ کا مسئلہ، کانگریس کے 5ارکان مقننہ کی استعفیٰ کی دھمکی (ویڈیو)

پارٹی کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے جمعرات کو وزیر اعلی کے طور پر مسٹر سدارامیا اور نائب وزیر اعلی کے طور پر مسٹر شیوکمار کے ناموں کا اعلان کیا، جس کے بعد مسٹر پرمیشور سمیت پارٹی کے تین ایم ایل ایز کے مطالبات سامنے آئے۔

مسٹر پرمیشور نے وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ کے ناموں کا باضابطہ اعلان کرنے سے پہلے یہاں نامہ نگاروں سے کہا، ”مجھے کیامطالبہ کرنا چاہیے؟ انہیں مجھے (نائب وزیر اعلیٰ کا عہدہ) دیناچاہیے۔ کیونکہ پہلے میں نائب وزیراعلی تھا۔ مجھے امید ہے کہ وہ مجھے عہدہ دیں گے۔ وہ جو بھی فیصلہ کریں، میں آج شام دیکھوں گا۔”

مسٹر پرمیشور اس سوال کا جواب دے رہے تھے کہ کیا وہ نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کا مطالبہ کریں گے، تاہم، مسٹر وینوگوپال کے اس اعلان کے بعد کہ کرناٹک میں صرف ایک نائب وزیر اعلیٰ ہوگا، انہوں نے پارٹی قیادت کو آگاہ کرتے ہوئے کہا، ’’یہاں تک کہ میں بھی وزیراعلیٰ اورنائب وزیر اعلیٰ کا امیدوار تھا۔ لیکن، ہائی کمان نے ایک فیصلہ کیا ہے، اگلی کابینہ کی توسیع کے دوران دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔”

کانگریس لیڈر نے یہ بھی کہا کہ دلتوں، لنگایتوں اورکانگریس کو اقتدار میں لانے والے اقلیتوں کو حکومت میں اچھی نمائندگی دی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا، ”سدارامیا ہماری پارٹی میں دو بار وزیر اعلیٰ بنے ہیں، انہیں ہمیں اعتماد میں لے کر آگے بڑھنا چاہیے۔ دلتوں کی پارٹی سے بڑی امیدیں ہیں اور انہیں یہ سمجھنا چاہئے ورنہ فطری طور پر کمیونٹی کی طرف سے ردعمل آئے گا۔

مسٹر پرمیشور نے 2018 میں ایچ ڈی کمارسوامی کی قیادت والی کانگریس-جے ڈی ایس مخلوط حکومت میں نائب وزیر اعلی کے طور پر خدمات انجام دی تھیں۔

تین دیگر ایم ایل اے جنہوں نے ڈپٹی چیف منسٹر کے عہدہ کا دعویٰ پیش کیا ہے ان میں لنگایت لیڈر ایم بی پاٹل، مسلم لیڈر ضمیر احمد خان اور دلت لیڈر ستیش جارکی ہولی ہیں، جنہوں نے بیلگاوی اور کٹور کرناٹک کے علاقوں میں شاندار جیت حاصل کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔