شادی کی تقریب کے دوران لاکھوں کی چوری، باراتی بن کر آیا اور زیورات سے بھرا بیگ لے اڑا
اترپردیش کے غازی آباد میں شادی کی ایک تقریب کے دوران چوری کی حیرت انگیز واردات پیش آئی جہاں ایک شاطر چور باراتی بن کر تقریب میں پہنچا، مہمانوں کے ساتھ کھانا کھایا اور موقع ملتے ہی تقریباً 20 لاکھ روپے مالیت کے زیورات اور ڈھائی لاکھ روپے نقدی سے بھرا بیگ لے کر فرار ہوگیا۔
غازی آباد: اترپردیش کے غازی آباد میں شادی کی ایک تقریب کے دوران چوری کی حیرت انگیز واردات پیش آئی جہاں ایک شاطر چور باراتی بن کر تقریب میں پہنچا، مہمانوں کے ساتھ کھانا کھایا اور موقع ملتے ہی تقریباً 20 لاکھ روپے مالیت کے زیورات اور ڈھائی لاکھ روپے نقدی سے بھرا بیگ لے کر فرار ہوگیا۔ چوری کی یہ پوری واردات فنکشن ہال میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں میں قید ہوگئی ہے۔
یہ واقعہ 20 نومبر کو غازی آباد کے ویو سٹی پولیس اسٹیشن کے حدود میں پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق دہلی کے دوارکا سے بارات شادی کی تقریب میں پہنچی تھی۔ اسی دوران ایک نوجوان مہمانوں کے درمیان گھومتا رہا اور مناسب موقع کی تلاش میں رہا۔ تقریب میں خاندان کے افراد ڈی جے پر رقص کر رہے تھے، جبکہ ان کے پرس اور دیگر سامان قریب ہی ایک میز پر رکھا ہوا تھا۔
اسی دوران جینز اور اسپورٹس شوز پہنے ایک نوجوان ہاتھ میں جیکٹ لیے میز کے قریب پہنچا۔ اس نے پہلے اطراف کا جائزہ لیا اور پھر موقع ملتے ہی زیورات اور نقد رقم سے بھرا بیگ اٹھا لیا۔ نوجوان نے بیگ کو اپنی جیکٹ کی آڑ میں چھپایا اور تیزی سے فنکشن ہال سے باہر نکل گیا۔
بتایا جاتا ہے کہ ملزم نے شادی کی تقریب میں مہمانوں کی طرح کھانا بھی کھایا تھا تاکہ کسی کو اس پر شک نہ ہو۔ جب رقص کے بعد خاندان کے افراد واپس میز کے پاس پہنچے تو بیگ غائب تھا۔ تلاش کے باوجود بیگ کا کوئی سراغ نہ ملنے پر تقریب میں افراتفری مچ گئی۔ بعد ازاں پولیس کو واقعہ کی اطلاع دی گئی۔
پولیس نے فنکشن ہال میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لیا، جس میں ایک نوجوان بیگ لے جاتے ہوئے واضح طور پر دکھائی دے رہا ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ اس واردات میں ملزم کے کچھ ساتھی بھی شامل ہوسکتے ہیں، جو مہمانوں کے بھیس میں تقریب میں پہنچے ہوں گے۔
فی الحال پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کی شناخت اور اس کی تلاش میں مصروف ہے۔