آئی سی یو میں زیر علاج نابالغ طالبہ سے چھیڑ چھاڑ، وارڈ بوائے کے خلاف پوکسو ایکٹ کے تحت مقدمہ (ویڈیو)
مدھیہ پردیش کے ساگر شہر کے برگد اسپتال کا واقعہ، 16 سالہ طالبہ نے وارڈ بوائے پر نازیبا حرکت کرنے اور فون نمبر مانگنے کا الزام لگایا، پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کردی۔
مدھیہ پردیش کے ساگر شہر کے ایک خانگی ہاسپٹل میں آئی سی یو میں زیر علاج 16 سالہ طالبہ کے ساتھ مبینہ چھیڑ چھاڑ کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ دسویں جماعت میں زیر تعلیم طالبہ نے ہاسپٹل کے وارڈ بوائے راجا بنسل پر نازیبا حرکت کرنے اور فون نمبر مانگنے کا الزام لگایا ہے۔ شکایت ملنے کے بعد پولیس نے ملزم کے خلاف چھیڑ چھاڑ اور پوکسو ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔ واقعہ کا سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آیا ہے۔
یہ واقعہ ساگر کے ایک خانگی ہاسپٹل کا بتایا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق 21 نومبر کی صبح تقریباً 4 بج کر 15 منٹ پر جب طالبہ ہاسپٹل کے آئی سی یو میں اپنے بستر پر سو رہی تھی اسی دوران وارڈ بوائے راجا بنسل وہاں پہنچا۔ طالبہ نے الزام لگایا کہ ملزم نے اسے غلط طریقہ سے چھوا اور کہا کہ وہ اسے اچھی لگتی ہے اور اس سے بات کرنا چاہتا ہے۔ اس دوران اس نے طالبہ سے فون نمبر بھی مانگا۔
طالبہ کے مطابق اس نے جب فون نمبر دینے سے انکار کیا تو ملزم نے دوبارہ نازیبا حرکت کی اور کچھ دیر بعد وہاں سے چلا گیا۔ خوف کی وجہ سے طالبہ نے فوری طور پر کسی کو اس واقعہ کی اطلاع نہیں دی۔ بعد میں جب اس کی بہن ہاسپٹل پہنچی تو طالبہ نے اسے پوری بات بتائی۔ اس کے بعد افراد خاندان نے ہاسپٹل میں احتجاج کرتے ہوئے ملزم کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
پولیس نے ملزم کے خلاف چھیڑ چھاڑ اور پوکسو ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ فی الحال ملزم فرار ہے اور پولیس اس کی تلاش کررہی ہے۔