ایشیاء

خالدہ ضیا کی پارٹی بنگلہ دیش میں عام انتخابات کا بائیکاٹ کرے گی

خالدہ ضیا نے شیخ حسینہ پر گزشتہ دو انتخابات میں دھاندلی کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ گرفتار ہونے والوں کی تعداد اس سے بھی زیادہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق اپوزیشن کی دیگر بڑی پارٹیوں نے بھی کہا ہے کہ وہ انتخابات کا بائیکاٹ کریں گی

ڈھاکہ: بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم خالدہ ضیا کی قیادت والی بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) ملک میں 7 جنوری کو ہونے والے عام انتخابات کا بائیکاٹ کرے گی۔ ڈھاکہ ٹریبیون نے اپنی رپورٹ میں یہ اطلاع دی۔

متعلقہ خبریں
نیتی آیوگ کی میٹنگ میں 8 چیف منسٹرس کی غیر حاضری بدقسمتی: بی جے پی
اے پی میں کس سے اتحاد کیا جائے، کس سے نہیں، بی جے پی مخمصہ میں گرفتار
خالدہ ضیاء اسپتال سے ڈسچارج
ملک میں 11 سیاسی جماعتیں، غیرجانبدار

بی این پی کے ترجمان اے کے ایم وحید الزمان نے اپنے بیان میں کہا کہ "ہم انتخابات کا بائیکاٹ کر رہے ہیں۔ ہم اپنے موقف پر قائم ہیں کہ شیخ حسینہ کے اقتدار میں رہتے ہوئے کسی بھی الیکشن میں حصہ نہیں لیں گے”۔ نامزدگی داخل کرنے کے آخری دن تک، پارٹی نے ایک بھی سیٹ کے لیے پرچہ نامزدگی داخل نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی یکطرفہ کارروائی میں ان کی پارٹی کے ہزاروں افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ بی این پی اور دیگر جماعتوں نے زبردست احتجاجی مظاہرے کیے جس میں شیخ حسینہ سے اقتدار چھوڑنے اور غیر جانبدارانہ حکومت کے لیے انتخابات کرانے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا گیا، لیکن حکومت نے ان مطالبات کو غیر آئینی قرار دیا ہے۔

انہوں نے شیخ حسینہ پر گزشتہ دو انتخابات میں دھاندلی کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ گرفتار ہونے والوں کی تعداد اس سے بھی زیادہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق اپوزیشن کی دیگر بڑی پارٹیوں نے بھی کہا ہے کہ وہ انتخابات کا بائیکاٹ کریں گی۔ ان میں جماعت اسلامی اور اسلامی تحریک بنگلہ دیش بھی شامل ہیں۔