کھرگے۔راہل۔پرینکا نے ڈاکٹر منموہن سنگھ کو ان کی پہلی برسی پر خراج عقیدت پیش کیا
مسٹر کھرگے نے سوشل میڈیا ایکس پر ڈاکٹر سنگھ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا،’’سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کی پہلی برسی پر ہم ہندوستان کی قومی تعمیر میں ان کے بے پناہ تعاون کو عقیدت کے ساتھ یاد کرتے ہیں۔
نئی دہلی: کانگریس صدر ملکارجن کھرگے، سابق صدر راہل گاندھی اور پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کی پہلی برسی پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی اقتصادی ترقی کو انہوں نے جو سمت دی وہ ہندوستان کی خوشحالی کی مضبوط بنیاد بن گئی ہے۔
مسٹر کھرگے نے سوشل میڈیا ایکس پر ڈاکٹر سنگھ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا،’’سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کی پہلی برسی پر ہم ہندوستان کی قومی تعمیر میں ان کے بے پناہ تعاون کو عقیدت کے ساتھ یاد کرتے ہیں۔
ایک انقلابی رہنما کے طور پر انہوں نے ملک کی اقتصادی رفتار کو نئی شکل دی اور معاشی اصلاحات کے ذریعے لاکھوں لوگوں کے لیے مواقع کو وسعت دی، لاکھوں افراد کو غربت سے باہر نکالا۔
اپنی انکساری، دیانتداری اور دانشمندی کے لیے مشہور ڈاکٹر سنگھ نے وقار اور ہمدردی کے ساتھ ملک کی قیادت کی ،اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ ترقی ہمہ گیر رہے اور فلاحی فوائد ہر ضرورت مند تک پہنچیں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کا تمام شہریوں کے لیے حقوق پر مبنی ماڈل اسی وژن کا ثبوت ہے۔ ہم نے ان کے وژن کے تحت ایک مضبوط ہندوستان کی تعمیر کی۔ ہم ایک ایسے سیاست دان کو دلی خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جن کی مخلص عوامی خدمت اور دیرپا اصلاحات کی وراثت آنے والی نسلوں کو متاثر کرتی رہے گی۔
مسٹر راہل گاندھی نے کہا، ’’ڈاکٹر منموہن سنگھ جی کو ان کی برسی پر عاجزانہ خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ اپنی دور اندیش قیادت کے ساتھ انہوں نے ہندوستان کو اقتصادی طور پر طاقتور بنایا۔ ان کی تاریخی کوششوں اور ملک کے محروموں اور غریبوں کے لیے جرات مندانہ فیصلوں نے ہندوستان کو عالمی سطح پر ایک نئی شناخت دی ہے۔ ان کی انکساری، محنت اور ایمانداری ہمیشہ ہم سب کے لیے ایک تحریک رہے گی۔‘‘
محترمہ واڈرا نے کہا،’’ہندوستان کے سابق وزیر اعظم، سابق وزیر خزانہ اور ریزرو بینک کے سابق گورنر ڈاکٹر منموہن سنگھ جی کی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہوں۔ ڈاکٹر سنگھ مساوات پر یقین رکھنے والے، پختہ ارادے کے مالک، جری اور باوقار شخصیت کی مثال تھے، جو حقیقی معنوں میں ملک کی ترقی کے لیے وقف رہے۔ ان کی سادگی، ایمانداری اور ملک کے تئیں ان کی وابستگی ہم سب کو ہمیشہ ترغیب دیتی رہے گی۔‘‘