دہلی

کرن رجیجو 5 روزہ دورہ پر سعودی عرب روانہ ، مرکزی وزیر مدینہ بھی جائیں گے

کرن رجیجو‘ جدہ حج ٹرمنل بھی جائیں گے جہاں حکومت نے عازمین کے لئے دفتری جگہ مختص کی ہے۔ بعض ہندوستانی عازمین جدہ ایرپورٹ کا ٹرمنل 1 استعمال کرتے ہیں جہاں سے ہائی اسپیڈ ریل سروس دستیاب ہے۔

نئی دہلی: وزیر اقلیتی امور کرن رجیجو نے ہفتہ کے دن 5 روزہ دورہ ئ سعودی عرب شروع کیا جس کے دوران حج 2025 کے باہمی معاہدہ پر دستخط ہوں گے۔ ہندوستان مزید 10 ہزار عازمین کا کوٹہ مانگ رہا ہے۔ کرن رجیجو پیر کے دن سعودی وزیر توفیق بن فوزان الربیعہ سے ملاقات کریں گے۔ توقع ہے کہ دونوں قائدین باہمی معاہدہ پر دستخط کریں گے۔

 ہندوستانی وزیر‘ سعودی عرب کے وزیر ٹرانسپورٹ صالح الجاسر سے بھی ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات میں حج فلائٹ آپریشنس اور عازمین کے لئے بس و ٹرین خدمات پر بات چیت ہوگی۔

 کرن رجیجو‘ جدہ حج ٹرمنل بھی جائیں گے جہاں حکومت نے عازمین کے لئے دفتری جگہ مختص کی ہے۔ بعض ہندوستانی عازمین جدہ ایرپورٹ کا ٹرمنل 1  استعمال کرتے ہیں جہاں سے ہائی اسپیڈ ریل سروس دستیاب ہے۔ سعودی عرب نے ہندوستان کے لئے سال 2025 کا حج کوٹہ 1,75,025 مقرر کیا ہے۔

حکومت ہند جاریہ سال 10 ہزار کا اضافی کوٹہ مانگ رہی ہے۔ کرن رجیجو‘ مدینہ میں مسجد قباء اور مسجد قبلتین بھی جائیں گے۔ اپنے دورہ میں وہ شاہ سلمان کے مشیر‘ مکہ کے گورنر اور سنٹرل حج کمیٹی کے سربراہ پرنس خالد بن عبدالعزیز السعود اور گورنر مدینہ پرنس سلمان بن سلطان بن عبدالعزیز السعود سے بھی ملاقات کریں گے۔

 ہندوستان کو الاٹ حج کوٹہ میں 70 فیصد حج کمیٹی آف انڈیا کے حصہ میں آئے گا اور مابقی 30 فیصد پرائیوٹ حج گروپ آرگنائزرس کو دیا جائے گا۔ سال 2024 میں حج کمیٹی آف انڈیا کو 80 فیصد اور پرائیوٹ حج ٹور آپریٹرس کو 20 فیصد کوٹہ ملا تھا۔