الاوہ بی بی پر کشن ریڈی کی حاضری
مرکزی وزیر کوئلہ و معدنیات ایم کشن ریڈی نے حضرت حسینؓ کے یوم شہادت کے سلسلہ میں آج الا وہ بی بی دبیر پورہ پر حاضری دی۔
حیدرآباد: مرکزی وزیر کوئلہ و معدنیات ایم کشن ریڈی نے حضرت حسینؓ کے یوم شہادت کے سلسلہ میں آج الا وہ بی بی دبیر پورہ پر حاضری دی۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلا لحاظ مذہب و ملت عوام عقیدت کے ساتھ الا وہ بی بی پر حاضری دیتے ہیں اور دل کی مراد پاتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ رحمت العالمین صلی اللہ علیہ وسلم کے نواسہ اور حضرت علیؓ کے لخت جگر حضرت حسینؓ نے اسلام کے لئے عظیم قربانی دی۔
سابق ترجمان تلنگانہ بی جے پی میر فراست علی باقری نے جو کشن ریڈی کے ساتھ تھے، کہا کہ اسلام زندہ ہوتا ہے ہر کربلا کے بعد۔
انہوں نے بتایا کہ حضورﷺ کے پیارے نواسے حضرت حسینؓ نے سجدہ میں گردن کٹالی اور جام شہادت نوش فرماتے ہوئے اسلام کو زندہ کیا۔ ان کی یہ قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ ان شاء اللہ فیض پانے والوں میں وزیر اعظم نریندرمودی، امیت شاہ اور کشن ریڈی بھی شامل رہیں گے۔ فراست علی باقری نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ وہ حضرت حسینؓ کی تعلیمات پر عمل کریں اور اپنے کردار کو بلند کریں۔
قومی سکریٹری بی جے پی ایف ایس لائق علی، ایس سریندر ریڈی، ہدایت علی مرزا، دیانت علی خان اور عقیل آفندی بھی مرکزی وزیر کے ہمراہ موجود تھے۔