مشرق وسطیٰ

جانئے کونسے ملک کے شہریوں کو عمان میں ویزا فری انٹری ملے گی

مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمان کے فلپائن میں سفیر ناصر سعید عبداللہ المنوری نے کہا کہ اس چُھوٹ کے بعد فلپائنی شہریوں کو بغیر کسی پیشگی اجازت نامے کے 14 دن تک عمان کا دورہ کرنے کی سہولت حاصل ہوگی۔

مسقط: عمان کی حکومت نے سال 2026 سے فلپائنی شہریوں کو دو ہفتوں تک بغیر ویزا ملک میں داخلے کی اجازت دینے کا منصوبہ بنارہی ہے۔

عمان کے سفیر برائے فلپائن کے مطابق اس اقدام کا مقصد سیاحت کو فروغ دینا اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط کرنا ہے۔

گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق یہ اعلان فلپائن کے میٹرو منیلا کے مالیاتی مرکز مکاتی سٹی میں عمان کے قومی دن کی تقریب کے دوران کیا گیا، جہاں حکام نے بتایا کہ فلپائنی سیاح جلد ہی مختصر دورانیے کے لیے بغیر ویزا سلطنت عمان میں داخل ہو سکیں گے۔

مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمان کے فلپائن میں سفیر ناصر سعید عبداللہ المنوری نے کہا کہ اس چُھوٹ کے بعد فلپائنی شہریوں کو بغیر کسی پیشگی اجازت نامے کے 14 دن تک عمان کا دورہ کرنے کی سہولت حاصل ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام سے دونوں ممالک کے درمیان فضائی روابط میں بھی اضافہ متوقع ہے اور ممکنہ طور پر سیبو کے لیے براہِ راست پرواز کے نئے راستے اور مانیلا سے پروازوں میں توسیع پر غور کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "صرف عمان ایئر ہی نہیں، دیگر ایئرلائنز بھی مواقع تلاش کر رہی ہیں۔”

عمان اس سے قبل بھی 100 سے زائد ممالک کے شہریوں کو 14 دن کا ویزا فری داخلہ دیتا ہے، لیکن فلپائن اب تک اس فہرست میں شامل نہیں تھا۔

اس پالیسی کے نفاذ کے بعد فلپائنی سیاحوں کے لیے عمان کا سفر نہایت آسان ہو جائے گا اور اس اقدام سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، ثقافتی اور عوامی سطح کے تعلقات مزید گہرے ہونے کی امید ہے۔

عمان کی جانب سے ثقافتی ویزا متعارف کروا دیا گیا جس کا مقصد دنیا بھر کے ہنرمند افراد کو اپنی طرف متوجہ کرنا ہے۔

عمان پولیس کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان کے مطابق ثقافتی ویزا کا مقصد غیر ملکی شہریوں کیلیے فنون و ثقافت کے شعبوں میں عارضی قیام اور کام کرنے کے واضح قانونی راستے فراہم کرنا ہے۔