بریانی شاپ کے مالک نے انوکھا انداز اپناتے ہوئے نئی مثال قائم کی
کوہلی کے 88 رنز تو بریانی کی پلیٹ پر ڈسکاؤنٹ بھی 88 فیصد، مداح کا انوکھا اقدام
دہلی: آئی سی سی ورلڈکپ کے دوران ویراٹ کوہلی کے مداح اور بریانی شاپ کے مالک نے انوکھا انداز اپناتے ہوئے نئی مثال قائم کردی۔
اتر پردیش کے شہر مظفرنگر میں بریانی کی شاپ کے مالک محمد دانش نے سری لنکا کے خلاف ویراٹ کوہلی کے 88 رنز پر بریانی کی پلیٹ پر 88 فیصد کا ڈسکاؤنٹ دیا جسے ’مقبول بریانی ویراٹ کوہلی فین آفر‘ کا نام دیا گیا۔
اس موقع پر بریانی کی 60 روپے کی پلیٹ ڈسکاؤنٹ کے بعد7 روپے کی کردی گئی اور 7 روپے میں بریانی کی ایک پلیٹ ملنے پر شہریوں کی بڑی تعداد شاپ پر امڈ آئی۔
بریانی شاپ کے مالک محمد دانش نے کہا کہ بریانی پر ڈسکاؤنٹ ورلڈکپ کے دوران ٹیم انڈیا کے آنے والے میچز پر دستیاب ہوگا اور اگر ورلڈکپ کے دوران ویراٹ کوہلی نے ڈبل سنچری کی تو تمام گاہکوں کو 2 پلیٹس دوں گا۔
دکاندار کا کہنا تھا کہ ڈسکاؤنٹ آفر کے لیے زیادہ تعداد میں کسٹمرز نے اپنی رجسٹریشن کروا دی ہے۔
واضح رہے کہ ویراٹ کوہلی نے سری لنکا کے خلاف 88 رنز بنائے تھے اس میچ میں انڈیا نے سری لنکا کو یکطرفہ مقابلے میں 302 رنز کے بڑے فرق سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔