چوری کی کوشش مہنگی پڑگئی، چور ایگزاسٹ فین کے سوراخ میں پھنس گیا ، ویڈیو وائرل
راجستھان کے کوٹہ میں چوری کی کوشش کے دوران ایک شخص ایگزاسٹ فین کے سوراخ میں پھنس گیا۔ گھر والے واپس لوٹے تو اسے اسی حالت میں پایا، پولیس نے کافی مشقت کے بعد اسے باہر نکال کر گرفتار کرلیا۔
سوشل میڈیا پر ایک دلچسپ ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جسے دیکھ کر لوگ حیران بھی ہو رہے ہیں اور چور کی حرکت پر ہنس بھی رہے ہیں۔ چوری کی نیت سے گھر میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والا شخص خود ہی ایسی جگہ پھنس گیا کہ نہ اندر جاسکا اور نہ باہر نکل سکا۔
عام طور پر چور گھروں میں داخل ہونے کے لیے مختلف راستے اختیار کرتے ہیں، لیکن اس معاملہ میں چور نے گھر میں داخل ہونے کے لیے ایگزاسٹ فین کے سوراخ کا انتخاب کیا۔ وہ اس سوراخ سے آدھا اندر تو داخل ہوگیا، لیکن درمیان میں ہی پھنس گیا۔ کافی کوشش کے باوجود وہ نہ اندر جاسکا اور نہ ہی باہر نکل پایا۔ آخرکار وہ اسی حالت میں پکڑا گیا۔
یہ واقعہ راجستھان کے کوٹہ شہر کے بورکھیڑا علاقے میں واقع پرتاپ نگر کا بتایا جارہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق چور نے ایک ایسے مکان کو نشانہ بنایا جس کے افراد گھر میں نہیں تھے۔
جب گھر والے واپس لوٹے اور مکان کا تالا کھولا تو اندر کا منظر دیکھ کر حیران رہ گئے۔ انہوں نے دیکھا کہ چوری کی کوشش کرنے والا شخص ایگزاسٹ فین کے سوراخ میں پھنسا ہوا ہے۔
گھر کی خاتون نے شور مچایا تو پڑوسی اور آس پاس کے لوگ جمع ہوگئے۔ لوگوں نے چور کو گھیر لیا اور پولیس کو اطلاع دی۔
موقع پر پہنچی پولیس نے کافی مشقت کے بعد چور کو سوراخ سے باہر نکالا اور گرفتار کرلیا۔ پولیس نے موقع سے ایک ایسی کار بھی ضبط کی ہے جس پر پولیس کا اسٹیکر لگا ہوا تھا۔