تلنگانہ کے ضلع ورنگل میں مامنو ر ایرپورٹ کیلئے اراضی کے حصول کا عمل شروع ہو گیا
تلنگانہ کے ضلع ورنگل میں مامنو ر ایرپورٹ کیلئے اراضی کے حصول کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ ریاستی حکومت نے پہلے مرحلے میں 253 ایکڑ اراضی حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے ضلع ورنگل میں مامنو ر ایرپورٹ کیلئے اراضی کے حصول کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ ریاستی حکومت نے پہلے مرحلے میں 253 ایکڑ اراضی حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلہ میں عہدیدار کسانوں کی شناخت کرنے میں مصروف ہیں۔ کسانوں سے حاصل اراضی کے متبادل کے طور پر، حکومت مامونورو ڈیری فارم کی اراضیات دینے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ریاستی حکومت نے اراضیات کے حصول کیلئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں۔
ایر اسٹرپ کیلئے اضافی 400ایکڑاراضی درکار ہے۔اس ضمن میں ایرپورٹ اتھاریٹی آف انڈیانے ریاستی حکومت سے خواہش کی ہے۔
چھوٹے طیاروں کی آمدورفت کیلئے پہلے مرحلہ میں 253ایکڑ اراضی کی ضرورت ہے جس کو حاصل کیاجائے گا۔ریاست میں فی الحال شمس آباد میں بین الاقوامی ایرپورٹ کام کررہا ہے۔
صنعتی ترقی کے مقصد سے مزید 6 علاقائی ایرپورٹس کے قیام کے لئے حکومت اقدامات کررہی ہے۔ایرپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا نے 6مقامات کا تجزیہ کرتے ہوئے ان ایرپورٹس کے قیام کیلئے ابتدائی رپورٹ پیش کی ہے۔
اس خصوص میں پہلے مرحلہ میں ورنگل میں ایرپورٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ریاستی حکومت اس مقصد کیلئے ایرپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا کے عہدیداروں کے ساتھ رابطہ میں ہے۔
ایرپورٹ اتھاریٹی کا کہنا ہے کہ اضافی اراضی دینے پر ایرپورٹ کی تعمیر کے سلسلہ میں کام کئے جائیں گے۔جلد ہی توقع ہے کہ حکومت اراضی کے حصول کا کام شروع کرے گی۔حکومت نے ایرپورٹ اتھاریٹی آف انڈیا کو درکار اراضی حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ورنگل ضلع کے مامنور میں 1930میں 706ایکرپر ہوائی پٹی کی تعمیر کی گئی تھی۔ہند۔چین جنگ کے موقع پر ہینگر کے طورپر اس کا استعمال کیاگیا تھا۔اُ س وقت یہ سب سے بڑی رن وے رہی۔
علاوہ ازیں مزید 253ایکڑ اراضی حاصل کی جائے گی۔اس ایرپورٹ سے متصل مامنورڈیری فارم موجود ہے۔اس کی 40تا50ایکڑاراضی کے ساتھ ساتھ مزید 210ایکر پرائیویٹ اراضی حاصل کی جائے گی۔
حکومت کی جانب سے کسانوں سے حاصل اراضی کے متبادل کے طورپر ڈیری فارم کی اراضی کسانوں کو دی جائے گی۔