لکھنؤ سپر جائنٹس نے آر سی بی کو 9 رنوں سے ہرایا
مچل مارش (111) کی شاندار سنچری کے بعد پرنس یادو (تین وکٹ) کی عمدہ بولنگ کی مدد سے لکھنؤ سپر جائنٹس نے جمعرات کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2026 کے بارش سے متاثرہ میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کو نو رنوں سے شکست دے دی۔
لکھنؤ: مچل مارش (111) کی شاندار سنچری کے بعد پرنس یادو (تین وکٹ) کی عمدہ بولنگ کی مدد سے لکھنؤ سپر جائنٹس نے جمعرات کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2026 کے بارش سے متاثرہ میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کو نو رنوں سے شکست دے دی۔
لکھنؤ سپر جائنٹس نے لگاتار چھ شکست کے بعد یہ جیت حاصل کی ہے۔ جبکہ یہ آر سی بی کی ٹورنامنٹ میں چوتھی شکست ہے۔
رشبھ پنت کا آخری اوور دگویش راٹھی کو دینے کا فیصلہ درست ثابت ہوا۔ انہوں نے اس اوور میں 10 رنز دے کر اسکور کا دفاع کیا اور لکھنؤ سپر جائنٹس کو ٹورنامنٹ سے باہر ہونے سے بچا لیا۔
213 رنوں کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری آرسی بی شروعات خراب رہی اور اس نے نو رنز پر دو وکٹیں گنوا دیں۔ جیکب بیتھل (4) کو محمد شامی نے آؤٹ کیا۔ اگلے ہی اوور میں پرنس یادو نے وراٹ کوہلی کو کھاتہ بھی کھولنے کا موقع نہیں دیا۔ اس کے بعد کپتان رجت پاٹیدار اور دیودت پڈیکل نے اننگ کو سنبھالا اور تیسرے وکٹ کے لیے 95 رنز جوڑے۔
پرنس یادو نے 11ویں اوور میں پڈیکل کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ پیڈیکل نے 25 گیندوں پر تین چوکے اور ایک چھکا لگا کر 34 رنز بنائے۔ پرنس نے اسی اوور کی پانچویں گیند پر جیتیش شرما (1) کو بھی آؤٹ کیا۔ اگلے اوور میں شہباز احمد نے رجت پاٹیدار کو آؤٹ کرکے پویلین بھیج دیا۔ پاٹیدار نے 31 گیندوں پر تین چوکے اور ایک چھکا لگا کر 61 رنز بنائے۔
آر سی بی کے بلے بازوں کرونال پانڈیا اور روماریو شیفرڈ نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے آخری اوور تک اپنے کو مقابلے میں برقرار رکھا۔ آر سی بی مقررہ 19 اوورز میں چھ وکٹ پر صرف 203 رنز بنا سکی اور میچ نو رنز سے ہار گئی۔ کرونال پانڈیا نے 16 گیندوں پر دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 28 رنز بنائے۔
روماریو شیفرڈ نے 15 گیندوں پر تین چوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے ناقابل شکست 23 رنز بنائے۔
شہباز احمد نے 16ویں اوور میں ٹم ڈیوڈ کو آؤٹ کر کے لکھنؤ سپر جائنٹس کو چھٹی کامیابی دلائی۔ ٹم ڈیوڈ نے 17 گیندوں پر چار چوکے اور تین چھکے لگا کر 40 رنز بنائے۔
اس سے پہلے آج، یہاں لکھنؤ سپر جائنٹس نے یہاں بارش سے متاثرہ میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف تین وکٹ پر 209 کا اسکور بنایا۔ ڈی ایل ایس طریقہ کے تحت، آر سی بی کو 19 اوورز میں 213 رنز کا نظرثانی شدہ ہدف دیا گیا۔ آر سی بی نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔
بلے بازی کرنے اتری لکھنؤ سپر جائنٹس کی اننگ کے ابتدائی دوسرے ہی اوور میں بارش نے خلل ڈال دیا۔ بارش رکنے کے تھوڑی دیر بعد جب کھیل دوبارہ شروع ہوا تو مچل مارش نے چوکے اور چھکے کی بارش کرتے ہوئے اپنی ٹیم کے لئے تیز رفتاری سے رنز بنائے۔
اسی دوران 10ویں اوور میں کرونال پانڈیا نے ارشین کلکرنی (17) کو آؤٹ کردیا۔اس کے بعد موسم کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے بلے بازی کے لیے نکولس پوران کو آگے بھیجا گیا۔ پوران نے مارش کا بخوبی ساتھ دیا۔
14 اوورز کے بعد دوبارہ بارش شروع ہو گئی جس سے کھیل روکنا پڑا۔ لکھنؤ سپر جائنٹس نے ایک وکٹ پر 145 رنز بنائے۔ مچل مارش 107 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ کریز پر موجود تھے۔ نکولس پوران بھی 14 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ تھے۔
بارش رکنے کے بعد جب کھیل دوبارہ شروع ہوا تو اوورز کی تعداد کم کر کے 19 کر دی گئی۔ جوش ہیزل ووڈ نے 17ویں اوور کی پہلی گیند پر مچل مارش کو باؤنڈری پر کیچ کروا کر آرسی بی کو ایک اہم کامیابی دلائی۔
مارش نے 56 گیندوں پر 111 رنز کی دھماکہ خیز اننگز کھیلی جس میں نو چوکے اور نو چھکے شامل تھے۔ پوران کو 19ویں اوور میں راسخ سلام نے آؤٹ کیا۔ پوران نے 23 گیندوں میں چار چوکے اور ایک چھکا لگا کر 38 رنز بنائے۔
لکھنؤ سپر جائنٹس نے نظرثانی شدہ اوور 19 میں تین وکٹوں پر 209 رنز بنائے۔ کپتان رشبھ پنت نے 10 گیندوں پر چار چوکے اور دو چھکے لگا کر ناقابل شکست 32 رنز بنائے۔