حیدرآباد

ڈی آر آئی کی بڑی کارروائی، 3.83 کروڑ روپے مالیت کا سونا ضبط، دو افراد گرفتار

ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹلیجنس (DRI) کے عہدیداروں نے سونے کی اسمگلنگ کے ایک معاملے کا پردہ فاش کرتے ہوئے 3.83 کروڑ روپے مالیت کے 2.98 کلو گرام غیر ملکی سونے کے بسکٹ ضبط کرلیے اور دو افراد کو گرفتار کرلیا۔

حیدرآباد: ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹلیجنس (DRI) کے عہدیداروں نے سونے کی اسمگلنگ کے ایک معاملے کا پردہ فاش کرتے ہوئے 3.83 کروڑ روپے مالیت کے 2.98 کلو گرام غیر ملکی سونے کے بسکٹ ضبط کرلیے اور دو افراد کو گرفتار کرلیا۔

اطلاعات کے مطابق اسمگل کیا جانے والا سونا کولکاتا سے حیدرآباد لایا جارہا تھا۔ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ڈی آر آئی حکام نے ایک کیا سیلٹوس کار کو روک کر تلاشی لی۔

تلاشی کے دوران کار کی پچھلی ٹیل لائٹ کے نیچے خصوصی طور پر تیار کیے گئے خفیہ خانہ کا پتہ چلا، جس میں سونا چھپایا گیا تھا۔ حکام نے وہاں سے 24 قیراط کے 25 غیر ملکی نشان والے سونے کے بسکٹ برآمد کیے، جن کا مجموعی وزن 2.98 کلو گرام اور مالیت تقریباً 3.83 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔

ڈی آر آئی حکام نے اسمگلنگ کے لیے استعمال کی جانے والی کیا سیلٹوس کار کو بھی کسٹمز ایکٹ 1962 کے تحت ضبط کرلیا ہے۔

اس معاملے میں دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ حکام اب سونے کے اصل ماخذ اور اس اسمگلنگ نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات کررہے ہیں۔