حیدرآباد

حیدرآباد میں بجلی محکمہ کا سب انجینئر 30 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے اے سی بی کے ہاتھوں گرفتار

گرفتار سب انجینئر کی شناخت جی سنتوش آنند کے طور پر کی گئی ہے، جو گاندھی نگر سیکشن آفس میں خدمات انجام دے رہا تھا۔ اے سی بی کے مطابق ملزم نے مبینہ برقی چوری کے ایک معاملے میں شکایت کنندہ کے خلاف مزید کارروائی نہ کرنے کے عوض 50 ہزار روپے رشوت طلب کی تھی۔

حیدرآباد: تلنگانہ سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی لمیٹڈ (TGSPDCL) کے ایک سب انجینئر کو اینٹی کرپشن بیورو (ACB) کے عہدیداروں نے 30 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔

گرفتار سب انجینئر کی شناخت جی سنتوش آنند کے طور پر کی گئی ہے، جو گاندھی نگر سیکشن آفس میں خدمات انجام دے رہا تھا۔ اے سی بی کے مطابق ملزم نے مبینہ برقی چوری کے ایک معاملے میں شکایت کنندہ کے خلاف مزید کارروائی نہ کرنے کے عوض 50 ہزار روپے رشوت طلب کی تھی۔

بعد ازاں معاملہ 30 ہزار روپے میں طے ہوا۔ ملزم جب شکایت کنندہ کی رہائش گاہ پر رشوت کی رقم وصول کررہا تھا، اسی وقت اے سی بی حکام نے کارروائی کرتے ہوئے اسے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ عہدیداروں نے اس کی پتلون کی جیب سے رشوت کی 30 ہزار روپے کی رقم بھی برآمد کرلی۔

گرفتاری کے بعد ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے حیدرآباد کی اے سی بی خصوصی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

اس موقع پر اے سی بی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سرکاری عہدیداروں کی جانب سے رشوت طلب کیے جانے پر رقم ادا نہ کریں بلکہ فوری طور پر شکایت درج کروائیں۔ عوام رشوت سے متعلق شکایات کے لیے اے سی بی کے ٹول فری نمبر 1064 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔