2024 کے لوک سبھا انتخابات میں ممتا بنرجی گیم چینجر بن سکتی ہیں: شتروگھن
سنہا نے چہارشنبہ کے روز کہا کہ ممتا بنرجی بے حد طاقتور اور باصلاحیت چیف منسٹر ہیں۔ وہ 2024کے الیکشن میں گیم چینجر ثابت ہوسکتی ہیں۔ فی الحال سارا ملک اپوزیشن اتحاد کا مطالبہ کررہا ہے اور مجھے یقین ہے کہ اپوزیشن جماعتیں متحد رہیں گی۔

پٹنہ: 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں اپوزیشن کے اتحاد کی باتوں کے دوران ترنمول قائد اور بالی ووڈ اداکار شتروگھن سنہا نے کہا کہ پارٹی صدر اور چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی ”گیم چینجر“ (حالات کو تبدیل کرنے والی) ثابت ہوسکتی ہیں۔ سنہا نے چہارشنبہ کے روز کہا کہ ممتا بنرجی بے حد طاقتور اور باصلاحیت چیف منسٹر ہیں۔
وہ 2024کے الیکشن میں گیم چینجر ثابت ہوسکتی ہیں۔ فی الحال سارا ملک اپوزیشن اتحاد کا مطالبہ کررہا ہے اور مجھے یقین ہے کہ اپوزیشن جماعتیں متحد رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی اور بی جے پی کے برے دن دور نہیں ہیں۔ انہوں نے عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل نہیں کی ہے۔
مجھے یقین ہے کہ اگر اپوزیشن جماعتیں طاقتور عزم کا مظاہرہ کریں تو بی جے پی کو 2024کے لوک سبھا انتخابات میں 100 سے بھی کم نشستیں ملیں گی۔ سنہا نے بہار کی موجودہ سیاسی صورتِ حال پر ردعمل ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ جب نریندر مودی‘ ملک کے وزیراعظم بن سکتے ہیں تو پھر ڈپٹی چیف منسٹر تیجسوی یادو‘ بہار کے چیف منسٹر کیوں نہیں بن سکتے اس میں کیا غلط ہے؟۔
سنہا نے ایم سی ڈی کے میئر کے انتخابات میں عام آدمی پارٹی کی جیت پر چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کو مبارکباد بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ میں جانتا تھا کہ عام آدمی پارٹی کا ہی میئر منتخب ہوگا۔ میں چیف منسٹر اروند کجریوال‘ دہلی کے عوام اور عام آدمی پارٹی کارکنوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔