سوشیل میڈیا

سیلفی کا شوق: ایک شخص وندے بھارت ٹرین میں پھنس گیا، مرضی کیخلاف کرنا پڑا لمبا سفر (ویڈیو وائرل)

یہ شخص سیلفی لینے کے لئے راجمندری ریلوے اسٹیشن پر وندے بھارت ٹرین میں سوار ہوا تھا۔ جب یہ شخص اپنی تصویریں لے رہا تھا تو ٹرین کے چلنے کا وقت ہوگیا اور خودکار دروازے بند ہو گئے۔

حیدرآباد: آندھراپردیش کا ایک شخص، جو وشاکھاپٹنم سے سکندرآباد جانے والی وندے بھارت ایکسپریس ٹرین میں سیلفیاں لینے کے لئے سوار ہوا تھا، خودکار (آٹو میٹک) دروازے بند ہونے کی وجہ سے ٹرین میں پھنس گیا۔

یہ شخص سیلفی لینے کے لئے راجمندری ریلوے اسٹیشن پر وندے بھارت ٹرین میں سوار ہوا تھا۔ جب یہ شخص اپنی تصویریں لے رہا تھا تو ٹرین کے چلنے کا وقت ہوگیا اور خودکار دروازے بند ہو گئے۔

نتیجے میں اس آدمی کو ٹرین کے وجئے واڑہ پہنچنے تک انتظار کرنا پڑا جو اس کا اگلا اسٹیشن تھا۔ وجئے واڑہ میں وہ ٹرین سے اترا اور واپس راجمندری چلا گیا۔

اس واقعے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں ٹکٹ چیکر کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ اگلا اسٹیشن وجئے واڑہ ہے جہاں یہ ٹرین رکے گی۔

چیف پی آر او ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے بتایا کہ یہ واقعہ 16 جنوری کو اس وقت پیش آیا جب ایک شخص سیلفی لینے کے لئے راجمندری ریلوے اسٹیشن پر وندے بھارت ایکسپریس ٹرین میں سوار ہوا۔ جب وہ اترنے کا ارادہ کرہی رہا تھا کہ خودکار دروازے بند ہو گئے اور ٹرین چل پڑی۔ اس طرح اسے اگلے اسٹیشن تک ٹرین میں ہی رکے رہنا پڑا نتیجہ میں اس شخص کو 160 کیلومیٹر سے زیادہ کا سفر اپنی مرضی کے بغیر کرنا پڑا۔

اس دوران ٹرین ٹکٹ ایگزامنر اور دیگر اہلکاروں نے اسے دیکھا اور سامنا ہونے پر اس نے واقعہ بیان کیا۔ اس شخص پر کوئی جرمانہ عائد نہیں کیا گیا۔

ریلوے عہدیدار نے بتایا کہ انہیں نہیں معلوم کہ وہ راجمندری واپس کیسے گیا تاہم اس شخص سے راجمندری تا وجئے واڑہ جانے کا کرایہ ضرور وصول کیا گیا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم نے اتوار کو مکر سنکرانتی کے موقع پر تلنگانہ کے سکندرآباد اور آندھرا پردیش کے بندرگاہی شہر وشاکھاپٹنم کے درمیان وندے بھارت ٹرین کا افتتاح انجام دیا تھا۔ ٹرین کی باقاعدہ خدمات 16 جنوری سے شروع ہوئیں اور اسی دن یہ واقعہ پیش آیا۔