دہلی
منیش سسوڈیہ‘بیوی سے ملاقات نہ کرسکے
منیش سسوڈیا نے باہر موجود میڈیا سے عدالت کی ہدایت کے مطابق بات نہیں کی اور سیدھے بنگلہ کے اندر چلے گئے لیکن شوہر کی آمد سے قبل ہی سیما سسوڈیہ کو دواخانہ لے جایا جاچکا تھا۔

نئی دہلی: سابق ڈپٹی چیف منسٹر دہلی منیش سسوڈیہ جو آبکاری پالیسی اسکام کیس میں عدالتی تحویل میں ہیں‘ ہفتہ کے دن اپنی علیل بیوی سے اپنے بنگلہ میں ملاقات نہیں کرسکے کیونکہ طبیعت بگڑنے پر ان کی بیوی کو ایل این جے پی(لوک نائک جئے پرکاش نارائن) ہاسپٹل لے جانا پڑا۔
دہلی ہائی کورٹ نے منیش سسوڈیہ کو آج صبح 10 بجے تا شام 5 بجے بیوی سے ملنے کی اجازت دی تھی۔ وہ 10 جبے کے آس پاس اپنے گھر پہنچے۔ انہوں نے باہر موجود میڈیا سے عدالت کی ہدایت کے مطابق بات نہیں کی اور سیدھے بنگلہ کے اندر چلے گئے لیکن شوہر کی آمد سے قبل ہی سیما سسوڈیہ کو دواخانہ لے جایا جاچکا تھا۔