اوڈیشہ ٹرین حادثہ‘ مہلوکین کی تعداد 288 ہوگئی
ہفتہ کے دن آخری ڈبہ کو اٹھانے جس تک ریسکیو ورکرس پہنچ نہیں پائے تھے‘ بڑے کرینوں اور بلڈوزرس کا استعمال کیا گیا۔ پٹری سے اترے ڈبوں سے نعشیں نکالنے گیس کٹرس استعمال کئے گئے۔
بالاسور/ بھوبنیشور: اوڈیشہ کے ضلع بالاسور میں جمعہ کی رات کے ٹرین حادثہ میں کم ازکم 288 افراد ہلاک اور803 دیگر زخمی ہوگئے۔ ملک میں ریلوے حادثات کی تاریخ میں یہ ایک بدترین حادثہ ہے۔ انڈین ریلویز نے حادثہ کی وجہ کا پتہ چلانے اعلیٰ سطح کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔
ہفتہ کے دن آخری ڈبہ کو اٹھانے جس تک ریسکیو ورکرس پہنچ نہیں پائے تھے‘ بڑے کرینوں اور بلڈوزرس کا استعمال کیا گیا۔ پٹری سے اترے ڈبوں سے نعشیں نکالنے گیس کٹرس استعمال کئے گئے۔ مقام حادثہ کو اوپر سے دیکھا جائے تو ایسے لگ رہا تھا جیسے زوردار آندھی نے ڈبوں کو اِدھر اُدھر پھینک دیا۔ زمین پر خون آلود نعشیں ایک دوسرے پر پڑی تھیں۔
وزیراعظم نریندر مودی نے صورتِ حال کا جائزہ لینے نئی دہلی میں ریویو میٹنگ کی اور مقام ِ حادثہ روانہ ہوئے۔ میٹنگ میں وزیر داخلہ امیت شاہ اور دیگر سرکاری عہدیداروں نے شرکت کی۔ تقریباً 200 ایمبولنس‘ 50 بسیں اور 45 ہیلت یونٹس کے علاوہ 1200کا عملہ مقام حادثہ پر موجود ہے۔
بارک پور اور پاناگڑھ سے فوجی دستے طلب کرلئے گئے جن میں انجینئرنگ اور میڈیکل شعبہ سے تعلق رکھنے والے شامل ہیں۔ زخمیوں کو دواخانہ پہنچانے دو Mi-17 ہیلی کاپٹرس استعمال کئے گئے۔ جمعہ کی شام 7 بجے کے آس پاس کولکتہ سے جنوب کی جانب 250 کیلو میٹر دور اور بھوبنیشور کے شمال میں 170 کیلو میٹر کی مسافت پر واقع بالاسور کے بہنگا بازار اسٹیشن کے قریب حادثہ پیش آیا۔
تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ کمشنر ریلوے سیفٹی ساؤتھ ایسٹرن سرکل اے ایم چودھری ہوں گے۔ نیشنل ٹرانسپورٹر کہلانے والی ریلویز نے کہا ہے کہ اس روٹ پر حادثہ کی روک تھام کرنے والا ”کووچ سسٹم“ نہیں لگا تھا۔ ذرائع نے اشارہ دیا ہے کہ سگنل کی ناکامی کی وجہ سے حادثہ پیش آیا ہوگا۔
کووچ سسٹم جب کوئی لوکو پائلٹ (ٹرین ڈرائیور) سگنل توڑدیتا ہے تو الرٹ کرتا ہے۔ لوکوپائلٹ اُسی لائن پر دوسری ٹرین کو آتا دیکھ بریک لگاکر اپنی گاڑی کو روک سکتا ہے۔
ساؤتھ ایسٹرن ریلویز کے بموجب 12841 شالیمار۔ چینائی سنٹرل کورومنڈل ایکسپریس کل شام 7 بجے کے قریب بالاسور اور سورو اسٹیشنوں کے درمیان پٹری سے اترگئی۔ اس کے فوری بعد 12864 بنگلورو۔ ہوڑہ سوپر فاسٹ اسی مقام پر پٹری سے اترگئی۔
کورو منڈل ایکسپریس کے بعض ڈبے بازو والی پٹری پر کھڑی مال گاڑی پر جاگرے۔ پہلے کورو منڈل ایکسپریس کے 10-12 ڈبے اُس لائن پر گرے جس پر بنگلورو۔ ہوڑہ ایکسپریس آرہی تھی۔ صبح وزیر ریلوے اشونی ویشنو‘ چیف منسٹر اوڈیشہ نوین پٹنائک اور چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی مقام ِ حادثہ پہنچے۔
ریلویز نے مہلوکین کے ورثا کو فی کس 10لاکھ روپے ایکس گریشیا اور شدید زخمیوں کو 2لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا۔ معمولی زخمی ہونے والوں کو 50 ہزار روپے ملیں گے۔ وزیراعظم کے نیشنل ریلیف فنڈ سے 2 لاکھ روپے ایکس گریشیا اور 50 ہزار روپے علاج معالجہ کے لئے ملیں گے۔
ایک مسافر روپم بنرجی نے میڈیا سے کہا کہ مقامی لوگوں نے کافی مدد کی۔ انہوں نے نہ صرف لوگوں کو بلکہ ہمارے سامان کو بھی ڈبوں سے نکالا اور ہمیں پانی پلایا۔ بالاسور ضلع ہاسپٹل وار زون لگ رہا تھا۔ راہداریوں میں اسٹریچرس پر زخمی پڑے تھے۔
کل رات بالاسور میڈیکل کالج ہاسپٹل میں 2 ہزار لوگ جمع تھے جن میں کئی نے خون کا عطیہ دیا۔ ایمس بھوبنیشور سے ڈاکٹروں کی ٹیم بالاسور اور کٹک بھیجی گئی۔ نوین پٹنائک نے ہفتہ کے دن ریاست میں سوگ کا اعلان کیا۔