مسعود بن احمد گزیٹیڈ ہیڈ ماسٹر وطیفہ حسن پر سبکدوش
محبوب نگر کے علمی گھرانے سے تعلق رکھنے والے ماہر ریاضی مسعود بن احمد باہیال گزیٹیڈ ہیڈ ماسٹر نے اپنی 36 سالہ دور ملازمت میں سے 34 سال مستقر و ضلع محبوب نگر کے مختلف اسکولوں میں خدمات انجام دیں۔
محبوب: محبوب نگر کے علمی گھرانے سے تعلق رکھنے والے ماہر ریاضی مسعود بن احمد باہیال گزیٹیڈ ہیڈ ماسٹر نے اپنی 36 سالہ دور ملازمت میں سے 34 سال مستقر و ضلع محبوب نگر کے مختلف اسکولوں میں خدمات انجام دیں۔
دو سال قبل بطور گزیٹیڈ ہیڈ ماسٹر ترقی پاکر گورنمنٹ سٹی ماڈل ہائی اسکول چادر گھاٹ حیدرآباد میں خدمات انجام دیتے رہے اور بتاریخ 30 اکتوبر کو گورنمنٹ سٹی ماڈل اسکول چادر گھاٹ سے وظیفہ حسن پر سبکدوش ہوگئے۔
ان کے اعزاز میں گورنمنٹ سٹی ماڈل ہائی اسکول چادر گھاٹ پر ایک شاندار وداعی تقریب کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ اس تقریب کی صدارت مادھو شالینی، انچارج ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ سٹی ماڈل ہائی اسکول نے کی جبکہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے جئے شری، گزیٹیڈ ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی اسکول پولیس لائن محبوب نگر، مقصود بن احمد ذاکر، ایڈوکیٹ محبوب نگر نے شرکت کی۔ تقریب کی نظامت محمد علیم اللہ نے کی۔
جئے شری گزیٹیڈ ہیڈ ماسٹر نے اپنی تقریر میں کہا کہ جناب مسعود بن احمد نے اپنے دور ملازمت میں فرض شناسی اور پوری ذمہ داری کے ساتھ کام کیا۔ انہوں نے اپنے 36 سالہ ملازمت کی زندگی میں جس کسی اسکول میں خدمت کی، وہاں اپنے ساتھی اساتذہ اور طلباء پر گہرے نقوش چھوڑے۔
مقصود بن احمد ذاکر ایڈوکیٹ نے کہا کہ مسعود بن احمد نے اپنے والد، معروف اساتذہ یونین لیڈر احمد بن سلطان محوی گورنمنٹ ٹیچر کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنی ملازمت کے دوران طلباء کی کامیابی اور نظام تعلیم کو بہتر بنانے میں اہم خدمات انجام دیں۔
مسعود بن احمد نے اپنے وداعی خطاب میں اپنی ملازمت کی زندگی کے 36 سالہ تجربات پر روشنی ڈالی اور دوران ملازمت ساتھی اساتذہ اور طلباء کی جانب سے حاصل تعاون پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی اپنے پیشے سے انصاف کرنے کی مکمل کوشش کی اور ہمیشہ اپنے طلباء سے بے حد محبت اور قدردانی حاصل کی، جس کے لئے وہ خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں۔
اس تقریب سے محمد عبدالقدیر، اسکول اسسٹنٹ، محمد تقی حسین، کنونیر ملی محاذ اور دیگر ساتھی اساتذہ نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر محبوب نگر سے اس تقریب میں شرکت کرنے والے اساتذہ اور گورنمنٹ سٹی ہائی ماڈل اسکول کے ساتھی اساتذہ، طلباء کی جانب سے مسعود بن احمد اور ان کی اہلیہ کی بکثرت گلپوشی اور شال پوشی کی گئی، جبکہ ساتھی اساتذہ کی جانب سے تحائف بھی پیش کئے گئے۔
اس تقریب میں محبوب نگر اور حیدرآباد کے مختلف اسکولوں کے اساتذہ، عبدالمشتاق، عبدالرشید، این راج شیکھر ریڈی، سرینواس ریڈی، رگھونندن ریڈی، سی کرشنیا، ایل وینکٹیشور ریڈی، رحمن شریف اردو پنڈت، ساجد خان، محمد شکیل، رما شرما کے علاوہ سید شبیر، ایم ڈی، بھارت کلرز گروپس اور دیگر نے بھی شرکت کی۔ یہ یہاں کہنا ضروری ہے کہ مسعود بن احمد کو اردو اکیڈیمی ریاست تلنگانہ کی جانب سے بہترین ٹیچر ایوارڈ سے بھی سرفراز کیا گیا۔