Mehul Choksi arrested in Belgium: میہول چوکسی، بلجیم میں گرفتار
ہیروں کے مفرور تاجر میہول چوکسی کو ہندوستانی تحقیقاتی ایجنسیوں کی درخواست ِ اخراج پر بلجیم میں گرفتار کرلیا گیا۔

Mehul Choksi arrested in Belgium: نئی دہلی (پی ٹی آئی) ہیروں کے مفرور تاجر میہول چوکسی کو ہندوستانی تحقیقاتی ایجنسیوں کی درخواست ِ اخراج پر بلجیم میں گرفتار کرلیا گیا۔
وہ 13 ہزار کروڑ کے پنجاب نیشنل بینک(پی این بی) قرض ”فراڈ“ کیس میں مطلوب ہے۔ سرکاری ذرائع نے پیر کے دن یہ بات بتائی۔ کیس کے دوسرے اہم مشتبہ ملزم کے خلاف یہ کارروائی ہفتہ کے دن ہوئی۔ قبل ازیں اس کے بھانجہ جوہری نیرو مودی کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔ میہول چوکسی کے بلجیم میں موجود ہونے کا پتہ گزشتہ برس اس وقت چلا تھا جب وہ علاج کرانے کے لئے وہاں پہنچا تھا۔ Mehul Choksi arrested in Belgium
وہ ہندوستان چھوڑنے کے بعد 2018 سے انٹیگا میں رہ رہا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کی گرفتاری کے لئے انٹرپول کی ریڈکارنر نوٹس کچھ عرصہ قبل ڈیلیٹ ہوگئی تھی اور اس کے بعد سے ہندوستانی ایجنسیاں اسے اخراج کے ذریعہ ملک واپس لانے میں لگی ہوئی تھیں۔
ممبئی کی خصوصی عدالت نے 2018 اور 2021 میں اس کے خلاف کم ازکم 2 کھلے وارنٹ ِ گرفتاری جاری کئے تھے۔ ہندوستانی ایجنسیوں نے یہ وارنٹس بلجیم کی ایجنسیوں کے ساتھ شیئر کئے تھے۔ کاغذی کاررو ائی جاری ہے کیونکہ میہول چوکسی خرابی ئ صحت کی بنیاد پر ضمانت لے سکتا ہے۔
سی بی آئی نے میہول چوکسی کے خلاف اس کیس میں 2 چارج شیٹ داخل کیں جبکہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ(ای ڈی) نے 3 چارج شیٹس داخل کیں۔ نیرو مودی 2019 میں گرفتاری کے بعد سے لندن کی جیل میں ہے۔ ای ڈی اور سی بی آئی اسے ہندوستان لانا چاہتی ہیں لیکن وہ اخراج کے خلاف کیس لڑرہا ہے۔ آئی اے این ایس کے بموجب میہول چوکسی کو ہندوستان لانا شاید اتنا آسان نہ ہو۔
اس کے وکیل وجئے اگروال نے اس سلسلہ میں سنجے بھنڈاری کے کیس کا حوالہ دیا۔ آئی اے این ایس سے بات چیت میں وکیل نے کہا کہ میہول چوکسی کو ہفتہ کے دن گرفتار کیا گیا اور ہم اپنے موکل کے لئے بلجیم میں اپیل فائل کریں گے۔ ہندوستان اخراج کے بارے میں پوچھنے پر انہوں نے جواب دیا کہ یہ اتنا آسان نہیں کیونکہ سنجے بھنڈاری کیس میں ہندوستان کی درخواست ِ اخراج مسترد ہوچکی ہے۔
قبل ازیں لندن کی عدالت نے سنجے بھنڈاری کا اخراج روک دیا تھا۔ برطانیہ میں مقیم یہ ڈیفنس کنسلٹنٹ منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری کے الزام میں ہندوستان کو مطلوب ہے۔ لندن کی عدالت نے کہا تھا کہ ہندوستان کا جیل سسٹم ایسا ہے جس میں ٹارچر کا جوکھم رہتا ہے۔ وجئے اگروال نے کہا کہ ہماری اپیل کی اہم بنیاد میہول چوکسی کی صحت ہوگی۔ ہمارا موکل کینسر کا علاج کرارہا ہے اور وہ سوئزر لینڈ میں علاج جاری رکھنا چاہتا ہے۔
وہ فی الحال فلائٹ رِسک نہیں ہے۔ سوئزرلینڈ میں علاج کرانے کی اپنے موکل کی پسند کو حق بجانب ٹھہراتے ہوئے وکیل نے کہا کہ یہ اپنی اپنی پسند ہوتی ہے‘ کوئی بھی اس پر سوال نہیں اٹھاسکتا۔ لوگ اپنے بچوں کو پڑھنے کے لئے باہر بھیجتے ہیں‘ اس پر کوئی سوال نہیں اٹھاتا۔ یہ کسی بھی فرد کی نجی پسند کا معاملہ ہوتا ہے۔
وکیل نے یہ بھی کہا کہ ہمارا ماننا ہے کہ میہول چوکسی کو ہندوستان لاتے ہی غیرانسانی سلوک شروع ہوجائے گا جس سے وہ خود کو بچانا چاہتا ہے۔ ہندوستان میں سیاسی اور میڈیا کا دباؤ میہول چوکسی کیس کی منصفانہ سماعت ہونے نہیں دے گا۔ میہول چوکسی کی بیوی پریتی چوکسی‘ بلجیم کی شہری ہے۔