ذہنی معذور شخص نے 4 سالہ بچی کو بئیرکی بوتل سے مارکر قتل کردیا(ویڈیو)
حملہ کے بعد ملزم فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا، لیکن عینی شاہدین اور مقامی لوگوں نے اسے پکڑ کر بری طرح زدوکوب کیا اور بعد ازاں رسیوں سے باندھ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔

حیدرآباد: پوچرام آئی ٹی کوریڈور پولیس اسٹیشن کے حدود میں ایک ہولناک واقعہ پیش آیا، جہاں مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والے ایک ذہنی مریض ہیوم بروم نے چار سالہ ریا کماری پر بیئر کی بوتل سے وحشیانہ حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں معصوم بچی ہلاک ہو گئی۔
یہ واقعہ انفوسس کے قریب کلپوترہ پروجیکٹ میں پیش آیا، جہاں مزدور یوگیشور اور ان کی اہلیہ کام کر رہے تھے، جبکہ ان کی بیٹی ریا کماری قریب ہی کھیل رہی تھی۔ اسی دوران، مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والے ہیوم بروم نامی شخص نے اچانک حملہ کر دیا اور بچی کے سر پر بیئر کی بوتل دے ماری۔
حملہ کے بعد ملزم فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا، لیکن عینی شاہدین اور مقامی لوگوں نے اسے پکڑ کر بری طرح زدوکوب کیا اور بعد ازاں رسیوں سے باندھ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔
شدید زخمی ریا کماری کو فوری طور پر گاندھی اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے رات کے وقت چل بسی۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ جبکہ ملزم ہیوم بروم کو گاندھی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں وہ زیر علاج ہے۔ یہ واقعہ علاقے میں خوف اور غم و غصے کا باعث بنا ہے، اور عوام نے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔