تلنگانہ کی وزیر جنگلات کونڈا سریکھا کی رہائش گاہ پر دوپہر کے کھانے کی اسکیم کے ورکرس کا احتجاج
پلے کارڈس اٹھائے بڑی تعداد میں کارکن، جن میں ورنگل سے آئی خواتین بھی شامل تھیں، وزیر کی رہائش گاہ کے باہر جمع ہوئے اور نعرے لگاتے ہوئے بقایا بلوں کی فوری ادائیگی پر زور دیا۔
حیدرآباد: تلنگانہ کی وزیر جنگلات کونڈا سریکھا کی رہائش گاہ پر دوپہر کے کھانے کی اسکیم کے ورکرس کے احتجاج کے باعث کشیدگی پیدا ہو گئی۔ کارکنوں نے حکومت سے اپنے طویل عرصہ سے زیر التواء مسائل حل کرنے اور مڈ ڈے میل کا معاہدہ اَکشیا پاترا فاؤنڈیشن کو دینے کے منصوبہ کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
پلے کارڈس اٹھائے بڑی تعداد میں کارکن، جن میں ورنگل سے آئی خواتین بھی شامل تھیں، وزیر کی رہائش گاہ کے باہر جمع ہوئے اور نعرے لگاتے ہوئے بقایا بلوں کی فوری ادائیگی پر زور دیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان کی تنخواہیں پانچ ماہ سے زیر التواء ہیں۔ انہوں نے شکایت کرتے ہویے کہا کہ "اسمبلی انتخابات سے قبل کانگریس نے ہماری تنخواہیں بڑھانے کا وعدہ کیا تھا، مگر اب 18 ماہ گزرنے کے بعد بھی حکومت ادائیگی میں تاخیر کر رہی ہے۔”
احتجاج کرنے والوں نے مڈ ڈے میل کا معاہدہ اَکشیا پاترا فاؤنڈیشن کو منتقل کرنے کی تجویز کی سخت مخالفت کی۔
مظاہرین نے وزیر کی رہائش گاہ میں داخل ہونے کی کوشش کی لیکن پولیس نے انہیں روک دیا۔ بعد ازاں پولیس نے مظاہرین کو حراست میں لے کر پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا۔