ایشیاء

روس کے سائبیریا علاقے میں فوجی طیارہ حادثے کا شکار، طیارے میں سوار تمام 17 افراد ہلاک

روسی اخبار ازویستیا نے ایک ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ ابتدائی طور پر اے این 12 فوجی طیارے کے طور پر شناخت کیے گئے اس طیارے کو علاقائی دارالحکومت کے جنوب میں واقع یاگونوو گاؤں کے قریب حادثہ پیش آیا، جس میں سوار تمام 17 افراد ہلاک ہوگئے۔

ماسکو: روس کے سائبیریا علاقے میں واقع کیمیرووو میں ایک فوجی طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 17 افراد ہلاک ہوگئے۔ روسی ذرائع ابلاغ نے منگل کو یہ اطلاع دی۔

رپورٹ میں ایک عینی شاہد کے حوالے سے بتایا گیا کہ طیارے میں آگ لگی ہوئی تھی، اس کے بعد وہ تیزی سے نیچے کی طرف آیا اور زمین سے ٹکراتے ہی دھماکے سے تباہ ہوگیا۔

روسی اخبار ازویستیا نے ایک ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ ابتدائی طور پر اے این 12 فوجی طیارے کے طور پر شناخت کیے گئے اس طیارے کو علاقائی دارالحکومت کے جنوب میں واقع یاگونوو گاؤں کے قریب حادثہ پیش آیا، جس میں سوار تمام 17 افراد ہلاک ہوگئے۔


کیمیرووو کے گورنر الیا سیریڈیوک نے تصدیق کی کہ علاقے کے یاگونوو ضلع میں ایک ”فضائی حادثہ” پیش آیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ جائے حادثہ کی طرف روانہ ہو رہے ہیں، جہاں ہنگامی خدمات کے اہلکار پہلے ہی پہنچ چکے ہیں۔ سیریڈیوک نے کہا، ”علاقائی انتظامیہ ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہے۔

حادثے کے حالات کی متعلقہ حکام کی جانب سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔” بعد میں ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ اس علاقے سے گزر رہا تھا۔ روس کی وزارت دفاع نے ابھی تک اس حادثے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔