دہلیسوشیل میڈیا

مودی حکومت نے مغل گارڈنس کا نام بدل دیا

راشٹرپتی بھون کے مشہور مغل گارڈنس کو اب ’’امرت ادیان‘‘ کے نام سے جانا جائے گا، ہفتہ کو جاری ایک سرکاری بیان میں یہ بات بتائی گئی ہے۔

نئی دہلی: راشٹرپتی بھون کے مشہور مغل گارڈنس کو اب ’’امرت ادیان‘‘ کے نام سے جانا جائے گا، ہفتہ کو جاری ایک سرکاری بیان میں یہ بات بتائی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں
چینی وزیر خارجہ کے خلاف کانگریس کا احتجاج

شاندار باغات سال میں ایک بار عوام کے لئے کھولے جاتے ہیں اور لوگ اس بار 31 جنوری سے ان کا دورہ کر سکتے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر دروپدی مرمو اتوار کو یہاں راشٹرپتی بھون – ادیان اتسو 2023 کا افتتاح کریں گی۔

"آزادی کا امرت مہوتسو” کے طور پر آزادی کے 75 سال کی تقریبات کے موقع پر، صدر جمہوریہ ہند، راشٹرپتی بھون کے باغات (مغل گارڈنس) کو ’’امرت ادیان‘‘ کے نام سے عام نام دینے کا اعلان کرتی ہیں۔ ناویکا گپتا، ڈپٹی پریس سکریٹری راشٹرا پتی بھون نے صدر جمہوریہ کے حوالے سے یہ بات بتائی۔

حکومت نے پچھلے سال دہلی کے مشہور راج پتھ کا نام بدل کر ’’کرتویہ پتھ‘‘ رکھا تھا۔ اس سلسلہ میں مودی حکومت کا کہنا ہے کہ سڑکوں اور اداروں کا نام تبدیل کرنا نوآبادیاتی ذہنیت کے کسی بھی نشان کو دور کرنے کی مرکز کی کوششوں کے عین مطابق ہے۔

راشٹرپتی بھون مختلف قسم کے باغات کا گھر ہے۔ اصل میں، ان میں ایسٹ لان، سینٹرل لان، لانگ گارڈن اور سرکلر گارڈن شامل ہیں۔

ہفتہ کو جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’سابق صدور ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام اور رام ناتھ کووند کے دور میں مزید باغات تعمیر کئے گئے تھے، جن میں ہربل-1، ہربل-2، ٹیکٹائل گارڈن، بونسائی گارڈن اور آروگیہ ونم شامل ہیں۔

اس سال کے ادیان اتسو میں، کئی دیگر پرکشش مقامات کے علاوہ، سیاح، 12 منفرد اقسام کے خصوصی طور پر کاشت کئے گئے گل لالہ (ٹیولپس) کو بھی دیکھ سکیں گے جن کے مرحلہ وار کِھلنے کی امید ہے۔

اس بار باغات (ہربل گارڈن، بونسائی گارڈن، سینٹرل لان، لانگ گارڈن اور سرکلر گارڈن) تقریباً دو ماہ تک کھلے رہیں گے۔

باغات 31 جنوری 2023 کو عام لوگوں کے لئے کھول دیئے جائیں گے اور 26 مارچ 2023 تک کھلے رہیں گے، سوائے پیر کے دن کے جو دیکھ بھال کا دن ہے۔ اس کے علاوہ 8 مارچ کو ہولی کے موقع پر بھی یہ بند رہیں گے۔