جمہوریت کی بات کرنے والے مودی خود جمہوری طریقہ سے نہیں چلتے: کھڑگے
کانگریس صدر نے کہا، 'بی جے پی حکومت ایجنسیوں کا غلط استعمال کرکے اپوزیشن پارٹیوں کو ڈرا رہی ہے اور انہيں توڑ رہی ہے۔
نئی دہلی: کانگریس صدر ملک ارجن کھڑگے نے وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ جمہوریت کی بات کرتے ہیں لیکن خود کبھی جمہوری اقدار کی پیروی نہیں کرتے ہیں۔
کھڑگے نے کہا کہ مسٹر مودی توڑ پھوڑ کی سیاست میں یقین رکھتے ہیں۔ ملک بھر میں ایسی بہت سی مثالیں ہیں جہاں انہوں نے اپنی اسی پالیسی کو اختیار کیا اور خود جمہوری اقدار کو کمزور کرنے کا کام کیا ہے۔
انہوں نے کہا، "نریندر مودی جمہوریت کی صرف بات کرتے ہیں، لیکن کبھی جمہوریت کے مطابق کام نہیں کرتے ہیں۔ مہاراشٹر کی حکومت اعتماد شکنی اور دھوکہ دہی کی بنیاد پر بنائی گئی ہے جس کی حمایت خود مسٹر مودی کررہے ہیں۔
وہ جہاں بھی جاتے ہيں لوگوں کو اکسانے کا کام کرتے ہیں۔ میں نے آج تک اپنے سیاسی کریئر میں ایسا کسی دوسرے کو نہیں دیکھا۔
کانگریس صدر نے کہا، ‘بی جے پی حکومت ایجنسیوں کا غلط استعمال کرکے اپوزیشن پارٹیوں کو ڈرا رہی ہے اور انہيں توڑ رہی ہے۔ حقیقی پارٹیوں سے ان کے پارٹی نشان چھین کر بی جے پی کی حمایت کرنے دھڑے کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا، ‘مہاراشٹر نریندر مودی کی ‘توڑ پھوڑ’ کی پالیسی کی تنہا مثال نہیں ہے۔ وزیر اعظم مسٹر مودی کی توڑ پھوڑ کی پالیسی کا حملہ اس سے پہلے کرناٹک، منی پور، گوا، مدھیہ پردیش میں دیکھا جا چکا ہے۔ ہم سب مل کر ان کی اس پالیسی کے خلاف لڑ رہے ہیں۔