موہن بھاگوت کو امیت شاہ اور راجناتھ سنگھ کے مساوی سیکوریٹی
بی جے پی کی نظریاتی رہنما راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ (آرایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت کی سیکوریٹی کو موجودہ Zپلس زمرہ سے بڑھا کر مزید جامع اڈوانسڈ سیکوریٹی لایژن (اے ایس ایل) پروٹوکول میں تبدیل کردیا گیا ہے۔
نئی دہلی: بی جے پی کی نظریاتی رہنما راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ (آرایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت کی سیکوریٹی کو موجودہ Zپلس زمرہ سے بڑھا کر مزید جامع اڈوانسڈ سیکوریٹی لایژن (اے ایس ایل) پروٹوکول میں تبدیل کردیا گیا ہے۔
اس اپ گریڈ کی وجہ سے اب بھاگوت کو مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور وزیردفاع راجناتھ سنگھ کے مساوی سیکوریٹی حاصل رہے گی۔ جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات سے قبل بھاگوت کو لاحق خطرہ کا جائزہ لینے کے بعد ان کی سیکوریٹی میں اضافہ کیا گیا ہے۔
جموں کے انتخابات میں آرایس ایس کا کلیدی رول ہے جہاں وہ وسیع تائیدی اساس رکھتی ہے۔ اس بات کا بھی انکشاف کیا گیا کہ غیربی جے پی جماعتوں کی زیراقتدار ریاستوں کے دورہ کے موقع پر جہاں خطرہ زیادہ ہے، بھاگوت کی سیکوریٹی معیاری نہیں تھی۔
خبررساں ایجنسی نے نامعلوم ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ جائزہ رپورٹ میں مختلف تنظیموں بشمول ریاڈیکل اسلامی گروپس سے لاحق خطرہ کو اجاگر کیا گیا اور خطرہ میں اضافہ کے بارے میں انٹلیجنس اطلاعات کا حوالہ دیا گیا۔
بھاگوت ملک کے اُن 10 افراد میں شامل ہیں جنہیں سی آئی ایف عملہ کی جانب سے مسلح سیکوریٹی کور ”زیڈپلس“ فراہم کیا جاتا ہے۔ موجودہ طور پر جملہ 200 افراد کو سی آئی ایس ایف عملہ کی جانب سے تحفظ فراہم کیا جارہا ہے۔