چاند نظر آگیا، ملک بھر میں ہفتہ کو عیدالفطر
انہوں نے کہا کہ حیدرآباد اور اطراف کے علاقوں میں مطلع ابرآلود تھا جس کے باعث یہاں تو چاند دیکھا نہیں جاسکا، تاہم ملک کے دیگر کئی مقامات جیسے مالیگاؤں، بہار، یوپی، رانچی اور آندھراپردیش کے ایک مقام پر رویت ہلال کی تصدیق ہوئی ہے۔
حیدرآباد: ملک بھر میں ہفتہ کو عید الفطر منائی جائے گی کیونکہ ملک کے کئی مقامات پر شوال المکرم کا چاند نظر آگیا ہے اور مقامی رویت ہلال کمیٹیوں نے چاند نظر آنے کی بھی تصدیق کردی ہے۔
شوال کا چاند نظر آنا رمضان کے مقدس مہینے کے اختتام کی نشاندہی کرتا ہے۔
حیدرآباد کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا ماہانہ اجلاس شوال المکرم 1444 کا چاند دیکھنے کے لیے منعقد ہوا جس میں کمیٹی نے شرعی شواہد کی بنیاد پر ہندوستان میں مختلف مقامات پر چاند نظر آنے کی تصدیق ہونے کے بعد کہا کہ ہفتہ 22 اپریل کو یکم شوال المکرم 1444 ہجری قرار پاتی ہے۔ اس طرح عید الفطر ہفتہ 22 اپریل 2023 کو منائی جائے گی۔
یہ اجلاس حسینی بلڈنگ معظم جاہی مارکٹ میں منعقد ہوا جس کی صدارت شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ مولانا مفتی خلیل احمد صاحب نے کی۔ چاند نظر آنے کی تصدیق ہونے کے بعد مولانا مفتی خلیل احمد صاحب نے کہا کہ صدر مجلس علمائے دکن کا ایک اجلاس بضمن رویت ہلال شوال المکرم منعقد ہوا۔
انہوں نے کہا کہ حیدرآباد اور اطراف کے علاقوں میں مطلع ابرآلود تھا جس کے باعث یہاں تو چاند دیکھا نہیں جاسکا، تاہم ملک کے دیگر کئی مقامات جیسے مالیگاؤں، بہار، یوپی، رانچی اور آندھراپردیش کے ایک مقام پر رویت ہلال کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس طرح چاند نظر آنے کی تصدیق کے بعد رویت ہلال کمیٹی صدر مجلس علمائے دکن حیدرآباد اعلان کرتی ہے کہ عیدالفطر ہفتہ 22 اپریل کو منائی جائے گی۔
انہوں نے عامتہ المسلمین کو عیدالفطر کی مبارکباد بھی پیش کی۔