اسرائیل کے الشفا اسپتال کے محاصرے میں 400 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوگئے
اسرائیلی فوج نے الشفا اسپتال کے 13 روزہ محاصرے میں 400 سے زیادہ فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔
غزہ: اسرائیلی فوج نے الشفا اسپتال کے 13 روزہ محاصرے میں 400 سے زیادہ فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔
غزہ شہر میں امداد کے منتظر افراد پر بھی اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے17 فلسطینی شہید ہوگئے۔
الاقصیٰ اسپتال میں صحافیوں کے خیموں پر بھی صیہونی افواج نے حملہ کرکے 2 فلسطینیوں کو شہید کردیا، حملے میں متعدد صحافی زخمی ہوئے۔
اقوام متحدہ نمائندہ خصوصی برائے فلسطین فرانسسکا البانیز نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ اسرائیل غزہ میں نسل کشی کر رہا ہے۔ جو کچھ رپورٹ میں بتایا گیا یہ تو کچھ بھی نہیں اسرائیل نے غزہ میں جو کچھ کیا ہے اس کی تحقیقات کی جائیں تو دہائیاں لگ سکتی ہیں۔
کیتھولک عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے ایسٹرکے پیغام میں غزہ جنگ بندی کی اپیل کرتے ہوئےکہا کہ میں ایک بارپھر اپیل کرتا ہوں کی غزہ میں انسانی امداد کی رسائی یقینی بنائی جائے، غزہ میں فوری جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کی جائے۔
پوپ فرانسس کا کہنا تھا کہ ہم بچوں کی آنکھوں میں کتنا کرب و اذیت دیکھ رہے ہیں، جنگ زدہ علاقوں کے بچے مسکرانا بھول گئے ہیں، بچوں کی آنکھوں میں سوال ہیں کہ یہ ہلاکتیں، یہ تباہیاں کیوں ہیں؟ جنگ ہمیشہ حماقت اور شکست ہوتی ہے۔