سیف علی خان کو چاقو مارنے والے ملزم کو ممبئی پولیس نے حراست میں لے لیا
پولیس کو شبہ ہے کہ حملہ آور نے اس کے بعد باندرہ سے صبح کی پہلی لوکل ٹرین پکڑی اور وسائی، ویرار کی طرف روانہ ہو گیا۔ اس سلسلے میں پولیس ٹیمیں وسائی، نالاسوپارہ اور ویرار کے علاقوں میں تلاش کر رہی ہیں۔
ممبئی: ممبئی پولیس نے جمعہ کے روز بالی ووڈ کے معروف اداکار سیف علی خان پر حملے کے ملزم کو حراست میں لے لیا ہے۔ ملزم کو مزید تفتیش کے لیے باندرہ پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا ہے۔اس سے قبل آج ممبئی پولیس نے کہا تھا کہ ، اس سے قبل سیف علی خان پر حملے کے دوران ملزم کے ہاتھ سے نکالا گیا بلیڈ کا ایک حصہ پولیس نے اپنے قبضے میں لے لیا ہے، جبکہ باقی حصے کی بازیابی کی کوششیں جاری ہیں۔
پولیس کو شبہ ہے کہ حملہ آور نے اس کے بعد باندرہ سے صبح کی پہلی لوکل ٹرین پکڑی اور وسائی، ویرار کی طرف روانہ ہو گیا۔ اس سلسلے میں پولیس ٹیمیں وسائی، نالاسوپارہ اور ویرار کے علاقوں میں تلاش کر رہی ہیں۔
اس حادثے کی تفصیلات بتاتے ہوئے پولیس نے کہا کہ سیف علی خان پر حملہ جمعرات کی صبح تقریباً 2:30 بجے ان کی باندرہ کی 11ویں منزل کی رہائش گاہ پر ہوا۔ جب ایک گھسنے والے نے سیف علی خان کی ملازمہ سے سامنا کیا اور ان کے درمیان تکرار ہو گئی۔ سیف علی خان نے مداخلت کرنے کی کوشش کی تو معاملہ پرتشدد جھگڑے کی شکل اختیار کر گیا، جس کے دوران اداکار کو شدید زخم آئے۔
سیف علی خان کو فوری طور پر ممبئی کے لیلاوتی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی سرجری کی گئی۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ سیف کی ریڑھ کی ہڈی میں چاقو لگنے کے باعث شدید چوٹ آئی تھی اور ان کی ریڑھ کی ہڈی سے 2.5 انچ طویل چاقو نکالنے کے علاوہ اسپائنل فلوئڈ کی مرمت کے لیے سرجری کی گئی۔ سیف کی خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔
اداکار پر حملے کے حوالے سے ممبئی پولیس نے ایف آئی آر درج کی ہے اور شکایت کنندہ، جو کہ اداکار کی ملازمہ ہے، کا بیان ریکارڈ کیا۔ شکایت میں بتایا گیا کہ حملہ آور نے اہل خانہ سے ایک کروڑ روپے کا مطالبہ کیا تھا۔ شکایت کنندہ نے بتایا کہ حملہ آور نے اپنے ہاتھ میں ایک لکڑی اور ایک لمبا پتلا ہیکسا بلیڈ پکڑا ہوا تھا اور اس نے اس پر حملہ کرنے کی کوشش کی تھی۔
ملازمہ کے مطابق، جب اس نے خود کو بچانے کی کوشش کی، تو بلیڈ سے اس کے دونوں ہاتھ زخمی ہو گئے۔شکایت میں مزید بتایا گیا کہ جب اس نے حملہ آور سے پیسوں کا مطالبہ کیا، تو اس نے انگریزی میں جواب دیا کہ وہ ایک کروڑ روپے چاہتا ہے۔ ممبئی پولیس نے حملے کے ملزم کو حراست میں لے لیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔