دہلی

اسرائیلی مظالم اور دہشت گردی سے ہندوستانی عوام بے حد مضطرب

ہم نے اپنے ملک کے حکمرانوں سے کہا کہ وہ جنگ بندی کرانے کے لئے اپنے تمام سیاسی و سفارتی تعلقات کا استعمال کرے اور یہاں سے بڑے پیمانے پر امدادی سامان غزوہ روانہ کر ے۔ ہم اس نازک صورت حال میں پوری طرح آپ کے ساتھ ہیں۔

نئی دہلی: ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے قومی صدر ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس کی قیادت میں ایک ٹیم نے آج فلسطین کے سفیرعزت مآب ایچ ای عدنان الحائیجا سے سفارت خانہ جاکر ملاقات کی اور ان سے اظہار یکجہتی کیا۔

اس ملاقات میں پارٹی کے قومی صدر نے سفیر سے کہا کہ غزوہ اور مغربی کنارہ میں اسرائیلی مظالم اور دہشت گردی سے ہندوستانی عوام بے حد مضطرب اور پریشان ہیں۔

 حکومت کا رویہ چاہے کچھ بھی ہو، ملک میں جہاں جہاں بھی حزب مخالف کی سرکاریں ہیں، وہاں اس کے خلاف احتجاجات ہو رہے ہیں۔ خود ویلفیئر پارٹی نے کیرالہ میں ایک بہت بڑی ریلی کا اہتمام کیا تھا جس کو ملکی و بین الاقوامی میڈیا نے اچھا کوریج دیا۔ ہمارا ملک ہمیشہ سے مظلوم فلسطینیوں کا حمایتی رہا ہے۔

آپ جانتے ہیں کہ ہمارے ملک نے 1992 تک اسرائیل کو اپنے ملک میں سفارت خانہ تک قائم کر نے نہیں دیا تھا۔ ہمارے ملک کا موقف یہ تھا کہ فلسطین ،فلسطینیوں کا ہے جس طرح بر طانیہ برطانیوں کا ہے۔

ہم نے اپنے ملک کے حکمرانوں سے کہا کہ وہ جنگ بندی کرانے کے لئے اپنے تمام سیاسی و سفارتی تعلقات کا استعمال کرے اور یہاں سے بڑے پیمانے پر امدادی سامان غزوہ روانہ کر ے۔ ہم اس نازک صورت حال میں پوری طرح آپ کے ساتھ ہیں۔

فلسطینی سفیر نے اپنے جوابی گفتگو میں کہا کہ ہم آپ کے بے حد مشکور ہیں۔ ہم جانتے ہیں کہ ہندوستان کی امن پسند عوام ہمارے ساتھ ہے۔ جس طرح دنیا میں سول سو سائٹی کے لوگ اور عوام فلسطینیوں کی حمایت میں آگے آئے ہیں ،ہمیں امید ہے اب مسئلہ فلسطین بین الاقوامی سطح پر ایک اشو بنے گا اور اس کا دیرپا اور پائیدار حل سامنے آئے گا۔

 تقریباً ایک گھنٹہ کی ملاقات میں تعاون کی شکلوں پر بھی غور کیا گیا۔ سفیر محترم نے بتا یا کہ بہت سارے لوگ ہندوستان سے رقم اور اشیائے ضروریہ بھیجنا چاہتے ہیں۔ ہم ہندوستانی حکومت سے بھی اس سلسلے میں گفتگو کر رہے ہیں۔ کو ئی راستہ نکلے گا تو ہم آپ کو بھی بتائیں گے۔اس وفد میں سبرامنی آرموگم، جنرل سیکریٹری، سلیم شیخ، قومی صدر فیڈریشن آف انڈین ٹریڈ یو نین، محمد عارف اخلاق، جنرل سیکریٹری، ویلفیئر پارٹی ،دہلی پر دیش شامل تھے۔

a3w
a3w