منور فاروقی نے دوسری شادی کرلی، کون ہے دلہن مہ جبین کوٹ والا؟
اسٹینڈ اپ کامیڈین منور فاروقی نے دوسری شادی کر لی ہے۔ وہ لاک اپ اور بگ باس 17 کے فاتح رہ چکے ہیں۔ یہ ان کی دوسری شادی ہے جو کہ پوری طرح خفیہ رہی۔ مہ جبین کوٹ والا نامی لڑکی سے اس کی شادی ہوئی ہے۔

ممبئی: اسٹینڈ اپ کامیڈین منور فاروقی نے دوسری شادی کر لی ہے۔ وہ لاک اپ اور بگ باس 17 کے فاتح رہ چکے ہیں۔ یہ ان کی دوسری شادی ہے جو کہ پوری طرح خفیہ رہی۔ مہ جبین کوٹ والا نامی لڑکی سے اس کی شادی ہوئی ہے۔
اس خفیہ شادی میں صرف ان کے قریبی دوست احباب اور خاندان کے لوگ موجود تھے۔ خاندان کے ایک قریبی فرد نے تصدیق کی کہ کامیڈین منور فاروقی کی شادی مہ جبین کوٹ والا سے ہوئی ہے، جن کا تعلق میمن برادری سے ہے۔ وہ پیشے سے میک اپ آرٹسٹ ہے۔
ذرائع کے مطابق مہ جبین کوٹ والا اگری پاڑہ، ممبئی سینٹرل، جنوبی ممبئی میں رہتی ہے۔ تاہم ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے کہ دونوں کی یہ محبت کی شادی ہے یا طے شدہ۔

اس جوڑے نے تقریباً 10 تا 12 دن قبل ممبئی میں ہی شادی کی تھی اور بعد میں اتوار کو آئی ٹی سی مراٹھا ہوٹل میں شادی کا استقبالیہ دیا تھا۔ ذرائع نے تصدیق کی کہ شادی میں صرف 100 مہمان شریک تھے۔
منور فاروقی کی دوسری شادی کی افواہیں اس وقت آن لائن منظر عام پر آئیں جب ان کے ایک فین اکاؤنٹ نے منور کی خفیہ شادی کا دعویٰ کرتے ہوئے ایک پوسٹ شیئر کی۔
شادی کے دعوت نامے کی تصویر بھی انٹرنیٹ پر منظر عام پر آئی ہے اور دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ منور کی ہے۔ تاہم خود منور اور مہ جبین دونوں نے اپنے سوشل میڈیا ہینڈلز پر شادی کی کوئی تصویر شیئر نہیں کی۔
ایک اور اپ ڈیٹ جس نے شادی کی افواہوں کو ہوا دی وہ یہ تھی جب حنا خان، جنہوں نے بگ باس 17 کے فاتح منور فاروقی کے ساتھ ایک گانے میں اداکاری کی، نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز پر اپنی ایک تصویر "میرے یار کی شادی ہے” کے ساتھ ڈالی تھی۔
واضح رہے کہ یہ منور کی دوسری شادی ہے۔ اس کی پہلے بھی ایک شادی ہوچکی ہے اور اس کا ایک بیٹا بھی ہے جو اس کی سابقہ بیوی کے ساتھ رہتا ہے۔ مہ جبین کی بھی یہ دوسری شادی بتائی جاتی ہے جو طلاق پر ختم ہوئی تھی۔ پہلی شادی سے اسے ایک بیٹی ہے۔
منور فاروقی نے پہلی شادی 2017 جاسمین نامی لڑکی سے کی تھی جس سے اس کا ایک پانچ سالہ بیٹا ہے۔ تاہم دونوں میں 2022 میں طلاق ہوگئی۔
منور کی ذاتی زندگی تنازعات کی زد میں رہی ہے۔ اس دوران اسے اپنی سابقہ گرل فرینڈس عائشہ خان اور نازیلا سیتاشی کی دھوکہ دہی کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔ دھوکہ منور نے دیا تھا یا ان لڑکیوں نے، اس بارے میں متضاد خبریں گردش کرتی رہی ہیں۔