امریکہ میں تلگو نژاد نوجوان خاتون کا قتل، بوائے فرینڈ پر شبہ
پولیس کے مطابق، نکھیتا کے لاپتہ ہونے کی رپورٹ 2 جنوری کو خود ارجن شرما نے درج کروائی تھی۔ اس نے بتایا تھا کہ اس نے نکھیتا کو آخری مرتبہ 31 دسمبر کی شام اپنے اپارٹمنٹ میں دیکھا تھا۔
واشنگٹن: امریکہ کی ریاست میری لینڈ میں ایک تلگو نژاد نوجوان خاتون کے قتل کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ ہاورڈ کاؤنٹی کے ایلی کاٹ سٹی میں واقع ایک اپارٹمنٹ سے نکھیتا راؤ گودیشالا (27) کی لاش برآمد ہوئی، جو ان کے سابق بوائے فرینڈ ارجن شرما کی رہائش گاہ بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق، نکھیتا کے لاپتہ ہونے کی رپورٹ 2 جنوری کو خود ارجن شرما نے درج کروائی تھی۔ اس نے بتایا تھا کہ اس نے نکھیتا کو آخری مرتبہ 31 دسمبر کی شام اپنے اپارٹمنٹ میں دیکھا تھا۔
اس اطلاع کی بنیاد پر پولیس نے سرچ وارنٹ حاصل کیا اور 3 جنوری کو اپارٹمنٹ کی تلاشی لی، جہاں نکھیتا کی لاش ملی۔
ابتدائی تفتیش میں پولیس کو شبہ ہے کہ نکھیتا کی موت 31 دسمبر کی شام 7 بجے کے بعد ہوئی۔ اسی دوران یہ بات سامنے آئی کہ ارجن شرما 2 جنوری کی شام ہی امریکہ چھوڑ کر بھارت روانہ ہو چکا تھا۔ پولیس کا ماننا ہے کہ واقعے کے بعد وہ ملک سے فرار ہو گیا۔
ہاورڈ کاؤنٹی پولیس نے ارجن شرما کے خلاف فرسٹ ڈگری اور سیکنڈ ڈگری قتل کے تحت گرفتاری وارنٹ جاری کر دیا ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے وفاقی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد لی جا رہی ہے۔ قتل کے محرکات تاحال واضح نہیں ہو سکے اور تحقیقات جاری ہیں۔
اس واقع پر ہندوستانی قونصل خانے نے بھی ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نکھیتا کے افراد خاندان سے مسلسل رابطہ میں ہیں اور ہر ممکن سفارتی مدد فراہم کی جا رہی ہے۔
سوشل میڈیا معلومات کے مطابق نکھیتا کے خاندانی روابط سکندرآباد سے بتائے جا رہے ہیں، تاہم حکام نے اس کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔