راہول گاندھی کا 2 مارچ کو دورہ تلنگانہ
لوک سبھا کے اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی 2 مارچ کو تلنگانہ کا دورہ کریں گے۔ وہ ضلع وقار آباد کے اننت گری میں منعقد ہونے والے ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی (ڈی سی سی) کے صدور کے تربیتی پروگرام میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کریں گے۔
حیدرآباد: لوک سبھا کے اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی 2 مارچ کو تلنگانہ کا دورہ کریں گے۔ وہ ضلع وقار آباد کے اننت گری میں منعقد ہونے والے ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی (ڈی سی سی) کے صدور کے تربیتی پروگرام میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کریں گے۔
اے آئی سی سی نے راہول گاندھی کے اس ایک روزہ دورہ کی مکمل تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
شیڈول کے مطابق راہول گاندھی 2 مارچ کی صبح 7.10 بجے دہلی ایئرپورٹ سے ایئر انڈیا کی فلائٹ کے ذریعہ روانہ ہوں گے اور صبح 9.20بجے حیدرآباد کے شمس آباد ایئرپورٹ پہنچیں گے۔
اس کے بعد وہ صبح 10 بجے ایئرپورٹ سے خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعہ وقار آباد کے لیے روانہ ہوں گے۔ صبح 10.30بجے سے شام 4.30بجے تک وہ وقار آباد کے اننت گری ہریتا ریزورٹس میں منعقد شدنی ڈی سی سی صدور کے تربیتی پروگرام میں حصہ لیں گے۔
اس دوران وہ دن بھر پارٹی کے استحکام اور مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں پارٹی قائدین کی رہنمائی کریں گے۔
شام 4.30بجے تربیتی پروگرام کے اختتام کے بعد راہول گاندھی ہیلی کاپٹر کے ذریعہ وقار آباد سے دوبارہ حیدرآباد پہنچیں گے اور شام 5.30بجے شمس آباد ایئرپورٹ سے ایئر انڈیا کی فلائٹ کے ذریعہ دہلی کے لئے واپسی کا سفر کریں گے۔
راہول گاندھی کے دورہ کے پیش نظر تلنگانہ کانگریس کی جانب سے وقار آباد میں بڑے پیمانہ پر انتظامات کئے جا رہے ہیں جبکہ حکومت نے پورے دورہ کے دوران سیکورٹی کے سخت اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔