یکساں سیول کوڈ پر مودی کے تبصرہ سے مسلمان خوش نہیں: آل انڈیا مسلم جماعت
ہندوستان کا سارا مسلم سماج وزیراعظم کے الفاظ سے مطمئن نہیں ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ ہر سماج اور مذہب کے زندگی گذارنے کے اصول مختلف ہیں، جنہیں یکساں سیول کوڈ میں شامل نہیں کیا جاسکتا۔

بریلی: وزیراعظم نریندر مودی کے یوم آزادی کے موقع پر قوم سے خطاب میں یکساں سیول کوڈ کے نفاذ پر زور دئے جانے کے چند گھنٹوں کے بعد آل انڈیا مسلم جماعت (اے آئی ایم جے) کے صدر مولانا شہاب الدین رضوی نے دعویٰ کیا کہ ملک کے مسلم وزیراعظم کے ریمارکس سے خوش نہیں ہیں۔
رضوی نے کے وزیراعظم نے لال قلعہ سے تقریر کی جس میں انہوں نے یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کی بات کہی۔ ہندوستان کا سارا مسلم سماج وزیراعظم کے الفاظ سے مطمئن نہیں ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ ہر سماج اور مذہب کے زندگی گذارنے کے اصول مختلف ہیں، جنہیں یکساں سیول کوڈ میں شامل نہیں کیا جاسکتا۔
یہی وجہ ہے کہ ہمارے ملک میں بیک وقت انتخابات بھی ممکن نہیں۔ اگر یو سی سی نافذ کردیا جائے تو سماج میں پھوٹ پڑ سکتی ہے اور مختلف مذاہب کے عوام کے درمیان ہم آہنگی ختم ہوسکتی ہے جو بھائی چارہ کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔ لہٰذا میں وزیراعظم مودی سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ یو سی سی کے نفاذ کی غلطی نہ کریں۔