تھائی لینڈ کے ڈے کیئر سنٹر میں فائرنگ، بچوں کے بشمول 34 ہلاک
مشتبہ بندوق بردار کا نشانہ بننے والوں میں جملہ 22 بچے شامل ہیں۔ ضلعی اہلکار جئے ڈاپا بونسم نے بتایا کہ جب بندوق بردار لنچ کے دوران وہاں پہنچا تو تقریباً 30 بچے ڈے کیئر سنٹر میں موجود تھے۔
بنکاک: تھائی لینڈ میں جمعرات کو ایک ڈے کیئر سنٹر میں ایک سابق پولیس اہلکار کی فائرنگ میں 34 افراد ہلاک ہوگئے۔ اس فائرنگ کے بعد شوٹر نے خود کو گولی مارلی اور اس سے قبل اپنی بیوی اور بچے کا بھی قتل کر دیا۔ پولیس نے یہ بات بتائی۔
ایک مقامی پولیس اہلکار نے جمعرات کو بتایا کہ تھائی لینڈ کے ایک ڈے کیئر سنٹر میں کی گئی فائرنگ کے مہلوکین میں 2 سال سے کم عمر کے بچے بھی شامل ہیں۔
مشتبہ بندوق بردار کا نشانہ بننے والوں میں جملہ 22 بچے شامل ہیں۔ ضلعی اہلکار جئے ڈاپا بونسم نے بتایا کہ جب بندوق بردار لنچ کے دوران وہاں پہنچا تو تقریباً 30 بچے ڈے کیئر سنٹر میں موجود تھے۔
ناکلانگ پولیس اسٹیشن کے سپرنٹنڈنٹ چکرافٹ وچیت ویدیا نے تھائی راتھ ٹی وی کو بتایا کہ بندوق بردار کو گزشتہ سال پولیس فورس سے فارغ کر دیا گیا تھا۔
جئے ڈاپا نے بتایا کہ اس شخص نے پہلے چار یا پانچ ارکان عملہ کو گولی ماری، جس میں ایک لیڈی ٹیچر بھی شامل تھی۔ یہ ٹیچرآٹھ ماہ کی حاملہ بتائی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے لوگوں نے سوچا کہ یہ آتش بازی ہے۔
سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیوز میں ایسی سفید چادریں دیکھی جاسکتی ہیں جو خون میں لت پت بچوں کی لاشوں کو ڈھانپنے کے لئے استعمال کی گئی تھیں۔ یہ واقعہ شمال مشرقی صوبے نونگ بوا لامفو کے قصبے اتھائی ساون میں واقع ڈے کیئر سنٹر میں پیش آیا۔
تاہم آزاد ذرائع سے اس ویڈیو کی فوری طور پر تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
قبل ازیں، پولیس نے کہا تھا کہ شوٹر کی تلاش جاری ہے، اور ایک سرکاری ترجمان نے کہا تھا کہ وزیراعظم نے تمام پولیس ایجنسیوں کو مجرم کو پکڑنے کے لئے الرٹ کر دیا ہے۔
تھائی لینڈ میں بڑے پیمانے پر فائرنگ کے واقعات شاذ و نادر ہی ہوتے ہیں، حالانکہ بندوق رکھنے کا رجحان یہاں خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے زیادہ ہے جبکہ غیر قانونی ہتھیار بھی عام ہیں۔
سال 2020 میں، جائیداد کے سودے پر ناراض ایک فوجی نے چار مقامات پر محیط ہنگامے میں کم از کم 29 افراد کو ہلاک اور 57 کو زخمی کردیا تھا۔