شمالی بھارت
ٹرینڈنگ

کمبھ میلہ میں مسلمانوں کو فوڈ اسٹالس لگانے نہیں دیا جائے گا، اُردو اصطلاحیں بدل دی جائیں گی

پریاگ راج (پی ٹی آئی) اکھل بھارتیہ اکھاڑہ پریشد نے چہارشنبہ کے دن کہا کہ اس نے فیصلہ کیا ہے کہ کمبھ میلہ میں ”غیرسناتنیوں“ کو فوڈ اسٹالس لگانے نہ دیا جائے۔

پریاگ راج (پی ٹی آئی) اکھل بھارتیہ اکھاڑہ پریشد نے چہارشنبہ کے دن کہا کہ اس نے فیصلہ کیا ہے کہ کمبھ میلہ میں ”غیرسناتنیوں“ کو فوڈ اسٹالس لگانے نہ دیا جائے۔

شاہی اشنان اور پیشوائی کی اصطلاحات کو ”راجسی اشنان“ اور ”چھاؤنی پرویش“ سے بدل دیا جائے۔ پریشد نے کہا کہ اس نے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ کو اردو اصطلاحیں تبدیل کردینے کی تجویز بھیجی ہے۔

وہ عنقریب اس کا اعلان کردیں گے۔ اکھاڑہ پریشد نے جو سادھو سنتوں کی تنظیم ہے‘ کہا کہ فوڈ اسٹالس کا پیمانہ کیا ہو اس کے لئے وہ دیوالی کے بعد ایک قرارداد منظور کرے گی اور چیف منسٹر کو بھیجے گی۔ وہ یہ بھی قرارداد منظور کرے گی کہ کمبھ میلہ میں صرف ”سناتنی“ ملازمین اور عہدیدار تعینات کئے جائیں۔

گزشتہ ماہ چیف منسٹر مدھیہ پردیش موہن یادو نے اعلان کیا تھا کہ اُجین میں مہاکال جلوس کو شاہی سواری کے بجائے راجسی سواری کہا جائے گا جس کے بعد اکھاڑہ پریشد بھی زور دینے لگا کہ اردو کے بجائے ہندی الفاظ استعمال کئے جائیں۔ اکھاڑہ کے سادھو سنتوں کے غسل کو شاہی اشنان اور آشرم سے اکھاڑہ تک ان کے جلوس کو پیشوائی کہا جاتا ہے۔

یہ روایت صدیوں سے جاری ہے۔ اکھاڑہ پریشد کے صدر رویندر پوری نے کمبھ میلہ میں دیگر مذاہب کے لوگوں کی طرف سے فوڈ اسٹالس لگانے کی مخالفت کی۔ انہوں نے اس کے لئے ملک کے مختلف حصوں میں غذائی اشیاء میں ملاوٹ کے حالیہ واقعات کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ غیرسناتنیوں کو کمبھ میلہ میں اسٹال لگانے نہیں دیاجائے گا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (کمبھ میلہ)راجیش دیویدی نے کہا کہ مہاکمبھ مذہبی فیسٹیول ہے جہاں گوشت اور شراب ممنوع ہے۔ پولیس والوں کو بھی اس کے استعمال سے پرہیز کرنا ہوتا ہے۔

پس منظر کی جانچ کے بعد ہی پولیس والے تعینات کئے جائیں گے۔ اکھاڑہ پریشد میں 13 مین اکھاڑے شامل ہیں جن کے نام نرموہی اکھاڑہ‘ نروانی اکھاڑہ‘ ڈگمبر اکھاڑہ‘ مہانروانی اکھاڑہ‘ اٹل اکھاڑہ‘ بڑا اُداسین اکھاڑہ‘ نرمل اکھاڑہ‘ نرنجنی اکھاڑہ‘ جونا اکھاڑہ‘ آؤہن اکھاڑہ‘ آنند اکھاڑہ‘ اگنی اکھاڑہ اور نیا اُداسین اکھاڑہ ہیں۔