مظفر نگر فسادات کیس‘ سادھوی پراچی عدالت میں سرینڈر
الزام ہے کہ ملزمین نے موضع نگلامدور میں مہاپنچایت میں حصہ لیا تھا اور اگست 2013میں اپنی تقاریر سے لوگوں کو تشدد کے لئے اُکسایا تھا۔
مظفر نگر(یوپی): وی ایچ پی قائد سادھوی پراچی نے منگل کے دن یہاں خصوصی ایم پی / ایم ایل اے کورٹ میں سرینڈر کردیا۔ 2013کے مظفر نگر فسادات کیس کے سلسلہ میں عدالت میں حاضر نہ ہونے پر ان کے خلاف غیرضمانتی وارنٹ جاری ہوا تھا۔
خصوصی جج مینک جیسوال نے وارنٹ واپس لے لیا اور اگلی تاریخ سماعت 20 جنوری مقرر کی۔
کئی ملزمین بشمول مرکزی وزیر سنجیو بالیان‘ سادھوی پراچی‘ سابق بی جے پی رکن پارلیمنٹ بھرتیندو سنگھ‘ سابق بی جے پی رکن اسمبلی اومیش ملک‘ غازی آباد کے ڈاسنہ دیوی مندر کے پجاری آچاریہ نرسنگھانند اور سابق بلاک پرمکھ ویریندر سنگھ کو امتناعی احکامات کی خلاف ورزی اور سرکاری ملازمین کو ان کے فرائض ادا کرنے سے روکنے کے الزامات کا سامنا ہے۔
الزام ہے کہ ملزمین نے موضع نگلامدور میں مہاپنچایت میں حصہ لیا تھا اور اگست 2013میں اپنی تقاریر سے لوگوں کو تشدد کے لئے اُکسایا تھا۔