قومی

بہار میں این ڈی اے حلیفوں کو خودغرضی چھوڑنی ہوگی: کشواہا

راشٹریہ لوک مورچہ (آر ایل ایم) کے صدر اور سابق مرکزی وزیر اوپیندر کشواہا نے زور دے کر کہا کہ بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے کو بہار اسمبلی الیکشن جیتنے کا اچھا موقع ہے بشرطیکہ سیلف گول / خودغرض مقاصد نہ ہوں۔

پٹنہ (پی ٹی آئی) راشٹریہ لوک مورچہ (آر ایل ایم) کے صدر اور سابق مرکزی وزیر اوپیندر کشواہا نے زور دے کر کہا کہ بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے کو بہار اسمبلی الیکشن جیتنے کا اچھا موقع ہے بشرطیکہ سیلف گول / خودغرض مقاصد نہ ہوں۔

کشواہا جمعہ کے دن ریاستی دارالحکومت پٹنہ میں قدآور او بی سی قائد جگدیو پرساد کی برسی پر ایک ریالی سے خطاب کررہے تھے۔ جگدیو پرساد کو بہار کا لینن کہا جاتا ہے۔ کشواہا کا تعلق جگدیو پرساد کی ذات کویری سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے اسمبلی الیکشن میں ہم نے اچھا مظاہرہ کیا تھا اور اس سے بھی اچھا مظاہرہ کرسکتے تھے اگر خودغرض مقاصد نہ ہوتے۔ اسمبلی الیکشن میں ہماری کارکردگی بہتر ہوسکتی ہے لیکن یہ یقینی بنانا ہوگا کہ اِس بار کسی کے کوئی خودغرض مقاصد نہ ہوں۔

پارلیمانی حلقوں کی ازسرنو حدبندی کا مطالبہ کرنے والے سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ یہ اہم مسئلہ ہے جو میں بہار اور ملک کے دیگر حصوں میں اٹھاتا رہتا ہوں۔ حلقوں کی ازسرنو حدبندی ٹھیک طرح کی جائے تو بہار کو فائدہ ہوگا۔ آبادی کے لحاظ سے ریاست میں لوک سبھا کی 60 نشستیں ہونی چاہئیں جبکہ 40 ہیں۔