عرب ممالک اور اسرائیل پر ایران کے حملوں کی نئی لہر۔ عمان میں 2 افراد ہلاک
ایران نے جمعہ کے دن خلیجی ممالک پر کئی حملے کئے۔ اس نے سعودی عرب پر کئی ڈرون فائر کئے۔ اس کے نئے رہبراعلیٰ نے دھمکی دی تھی کہ امریکی اڈوں کی میزبانی کرنے والوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔
دُبئی (اے پی) ایران نے جمعہ کے دن خلیجی ممالک پر کئی حملے کئے۔ اس نے سعودی عرب پر کئی ڈرون فائر کئے۔ اس کے نئے رہبراعلیٰ نے دھمکی دی تھی کہ امریکی اڈوں کی میزبانی کرنے والوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بڑی کارروائی کی دھمکی دی ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا کہ ایرانی بحریہ ختم ہوچکی ہے۔ ان کی فضائیہ بھی باقی نہیں رہی۔ مزائل‘ ڈرون اور سب کچھ گھٹتے جارہے ہیں اور ان کے قائدین صفحہ ہستی سے مٹ چکے ہیں۔
ایک دن قبل ایران کے رہبراعلیٰ آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے عہد کیا تھا کہ مہلوک ایرانیوں کے قتل کا بدلہ لینے سے باز نہیں آئیں گے۔ انہوں نے خلیجی عرب ممالک کو خبردار کیا تھا کہ وہ امریکی اڈے بند کردیں۔ امریکہ ان کی حفاظت کرے گا یہ خیال جھوٹا ہے۔
ایرانی دارالحکومت تہران کے اطراف جمعہ کی شدید فضائی حملے ہوئے۔ یہ حملے فلسطینیوں کی تائید میں ہر سال منائے جانے والے یوم القدس سے چند گھنٹے پہلے ہوئے۔ یوم القدس کو ایران میں ریالیاں نکالی جاتی ہیں۔ دنیا میں تشویش بڑھتی جارہی ہے کہ توانائی کا بحران پیدا ہوگا اور جنگ ختم ہوتی دکھائی نہیں دیتی۔ بین الاقوامی منڈیوں میں تیل کی قیمت 100 امریکی ڈالر فی بیرل سے زائد ہے۔
ایران نے آبنائے ہرمز پر اپنی پکڑ برقرار رکھی ہے۔ اس اہم آبی گزرگاہ سے دنیا کا 20 فیصد تیل گزرتا ہے۔ خلیج ِ فارس سے گزرکر آئیل کنٹینرس کھلے سمندروں میں داخل ہوتے ہیں۔ عراق میں ایک امریکی KC135 ری فیولنگ طیارہ گرکر تباہ ہوگیا۔ ملک کے شمال میں حملہ میں ایک فرانسیسی سپاہی مارا گیا۔
فرانسیسی صدر نے جمعہ کے دن یہ بات بتائی۔ ایران‘ خلیج کے خطہ میں تیل اور دیگر انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنارہا ہے۔ سعودی عرب کا کہنا ہے کہ اس نے آج صبح تقریباً 50 ڈرون مارگرائے۔ عمان میں صحار کے علاقہ میں ایک صنعتی ایریا میں 2 ڈرون گرنے سے 2 افراد ہلاک ہوگئے۔ عمان نیوز ایجنسی نے یہ اطلاع دی۔
بحرین میں مزائل حملوں کے سائرن بج اٹھے اور دُبئی کے ایک صنعتی علاقہ سے دھواں اٹھ رہا تھا۔ دُبئی انٹرنیشنل فینانشیل سنٹر کی ایک عمارت کو ڈرون کا ملبہ گرنے سے نقصان پہنچا۔ یہ سنٹر بینکوں کے لئے اکنامک فری زون ہے۔ یہاں دُبئی کی اشرافیہ کے لئے نائٹ کلب قائم ہیں۔
ایران نے قبل ازیں کہا تھا کہ وہ امریکی بینکوں اور مالیاتی اداروں کو نقصان پہنچائے گا۔ اس نے تہران میں ایک بینک پر فضائی حملہ کے بعد یہ دھمکی دی تھی۔ شمالی اسرائیل میں تقریباً 60 افراد زخمی ہوئے۔ حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اس نے کئی راکٹ فائر کئے ہیں۔