وڈے پلی بلدیہ کے نومنتخب اے آئی ایف بی کے کونسلرس کی وزیراعلی سے ملاقات
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے نئے شامل ہونے والے اراکین کا خیرمقدم کیا اور ضلع میں پارٹی کی مضبوطی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ان افرادنے کہا کہ بلدیہ کی ترقی کےلئے ہی وہ کانگریس میں شامل ہوئے ہیں۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے جوگولامباگدوال ضلع کی وڈے پلی بلدیہ کےلئے آل انڈیا فارورڈ بلاک پارٹی(اے آئی ایف بی) کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے8 کونسلرس نے کل شب وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی سے ملاقات کی اور کانگریس پارٹی کی تائید کا اعلان کیا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے نئے شامل ہونے والے اراکین کا خیرمقدم کیا اور ضلع میں پارٹی کی مضبوطی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ان افرادنے کہا کہ بلدیہ کی ترقی کےلئے ہی وہ کانگریس میں شامل ہوئے ہیں۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے اے آئی ایف بی کے قائدسرینواسلو نے ان افواہوں کی تردید کی کہ وہ پارٹی تبدیل کر رہے ہیں، بلکہ انہوں نے واضح کیا کہ وہ میونسپلٹی کی بہتری کے لیے حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں اور میونسپل چیئرمین کا انتخاب بھی فارورڈ بلاک کے پلیٹ فارم سے ہی ہوگا۔
واضح رہے کہ بلدی انتخابات میں آل انڈیا فارورڈ بلاک کو وڈے پلی میونسپلٹی میں زبردست کامیابی حاصل ہوئی، رپورٹ کے مطابق، فارورڈ بلاک کے امیدواروں کو بی آر ایس کی معطل لیڈر وسابق ایم ایل سی کے کویتا جو سابق وزیراعلی تلنگانہ کے چندرشیکھرراو کی دختر ہیں کی تائید حاصل تھی۔
چونکہ ان کی تنظیم تلنگانہ جاگروتی ابھی تک ایک سیاسی جماعت کے طور پر رجسٹرڈ نہیں تھی، اس لئے ان کے حامیوں نے فارورڈ بلاک کے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑا۔ وڈے پلی کے 10 وارڈس میں سے 8 پر فارورڈ بلاک نے جیت حاصل کی جبکہ کانگریس اور بی آر ایس صرف ایک ایک نشست حاصل کر سکیں۔
اس سے واضح ہوتا ہے کہ مقامی سطح پر اس بلاک کو عوامی سطح پر بھرپور پذیرائی ملی۔