ہندوستان کیلئے آئندہ 40 دن اہم
بعض ممالک بشمول چین اور جنوبی کوریا میں کووِڈ کیسس میں اضافہ کے دوران حکومت نے چوکسی اختیار کرلی ہے اور ریاستی ومرکزی زیرانتظام علاقوں کو کسی بھی صورتِ حال سے نمٹنے کے لئے تیار رہنے کی ہدایت دی ہے۔
نئی دہلی: ہندوستان کے لئے آئندہ 40 دن اہم ہوں گے کیونکہ جنوری میں کووِڈ 19کیسس میں اضافہ کا اندیشہ ہے۔ سرکاری ذرائع نے آج یہ بات بتائی۔ ایک عہدیدار نے کہا کہ قبل ازیں دیکھا گیا ہے کہ کووِڈ 19 کی تازہ لہر مشرقی ایشیا میں آنے کے 30-35 دن بعد ہندوستان پہنچتی ہے۔
وزارت ِ صحت کے ذرائع نے کہا کہ انفیکشن کی شدت کم ہے۔ اگر لہر آئی بھی تو اموات اور ہاسپٹل میں داخلے کم ہوں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ 39 بین الاقوامی مسافر گزشتہ 2 دن کے دوران متاثر پائے گئے ہیں۔
مجموعی طورپر 6 ہزار بین الاقوامی مسافروں کا کووِڈ 19ٹسٹ کیا گیا تھا۔ مرکزی وزیر صحت منسکھ منڈاویہ دہلی ایرپورٹ کا دورہ کرتے ہوئے وہاں ٹسٹنگ اور اسکریننگ کی سہولتوں کا جائزہ لیں گے۔ حکومت نے ہفتہ کے دن سے ہر بین الاقوامی پرواز سے آنے والے 2 فیصد مسافرین کے لئے کورونا وائرس کی ٹسٹنگ کا لزوم عائد کردیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ آئندہ ہفتہ سے چین‘ جاپان‘ جنوبی کوریا‘ ہانگ کانگ‘ بنکاک اور سنگاپور سے آنے والے بین الاقوامی مسافرین کے لئے ایرسویدھا فارموں کا اندراج اور 72گھنٹے قبل آر ٹی پی سی آر ٹسٹ کا لزوم عائد کیا جاسکتا ہے۔
بعض ممالک بشمول چین اور جنوبی کوریا میں کووِڈ کیسس میں اضافہ کے دوران حکومت نے چوکسی اختیار کرلی ہے اور ریاستی ومرکزی زیرانتظام علاقوں کو کسی بھی صورتِ حال سے نمٹنے کے لئے تیار رہنے کی ہدایت دی ہے۔
وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر صحت منڈاویہ نے کیسس میں تازہ اضافہ سے نمٹنے کے لئے ملک کی تیاریوں کا جائزہ لینے میٹنگس منعقد کی ہیں۔ ہندوستان بھر میں منگل کے روز تمثیلی مشق کی گئی۔ مرکزی وزیر صحت منڈاویہ نے کہا ہے کہ ملک کو چوکس اور تیار رہنا ہوگا کیونکہ دنیا بھر میں کیسس بڑھتے جارہے ہیں۔