تلنگانہجرائم و حادثات

نرمل میں زیر تعمیر عمارت سے چھلانگ لگانے والی خاتون شدید زخمی

خاندانی تنازعات سے پریشان خاتون نے مبینہ طور پر چوتھی منزل سے چھلانگ لگائی، والدہ اور مقامی افراد روکنے کی کوشش کرتے رہے، حالت تشویشناک۔

نرمل: خاندانی تنازعات سے پریشان ایک خاتون نے مبینہ طور پر زیر تعمیر عمارت کی چوتھی منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کی کوشش کی۔ اس واقعہ میں خاتون شدید زخمی ہوگئی۔ واقعہ چہارشنبہ کے روز ضلع نرمل میں پیش آیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔

پولیس کے مطابق لکشمی پور کی رہنے والی پروالیکا عرف سنگیتا نے مبینہ طور پر اپنی زندگی ختم کرنے کی کوشش کرتے ہوئے زیر تعمیر کثیر منزلہ عمارت کی چوتھی منزل سے چھلانگ لگادی۔ بتایا گیا ہے کہ واقعہ سے قبل سکھی (Sakhi) ون اسٹاپ سینٹر کے عملے نے خاتون کی کونسلنگ بھی کی تھی۔

خاتون کو عمارت پر چڑھتا دیکھ کر مقامی افراد اور اس کی والدہ نے اسے روکنے کی کوشش کی، تاہم وہ ان کو نظر انداز کرتے ہوئے نیچے کود گئی۔ واقعہ کی وائرل ویڈیو میں بعض افراد کو خاتون کے قریب پہنچنے اور اسے بچانے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

چھلانگ لگانے کے نتیجہ میں پروالیکا کو شدید چوٹیں آئیں۔ ابتدائی طور پر اسے نرمل کے ایک ہاسپٹل منتقل کیا گیا، تاہم حالت بگڑنے پر بہتر علاج کے لیے آر آئی ایم ایس عادل آباد منتقل کردیا گیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

دوسری جانب خاتون کی والدہ لکشمی نے الزام عائد کیا کہ اس کا داماد اور سسرال والے کافی عرصہ سے پروالیکا کو ذہنی اور جسمانی طور پر ہراساں کررہے تھے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ داماد اپنی بیوی کے کردار پر شبہ کرتا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ پروالیکا کے دو بچے ہیں۔