قومی

ایرپورٹ پر 94 لاکھ روپے مالیتی قیمتی گھڑی ضبط

دبئی سے دہلی پہنچنے والے مسافر کے قبضہ سے مشہور برانڈ کی اصلی گھڑی برآمد، کسٹم حکام نے ضبط کرکے مسافر کو گرفتار کرلیا۔

نئی دہلی۔ دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کسٹم حکام نے ایک ہندوستانی مسافر کے قبضہ سے 94 لاکھ روپے مالیتی قیمتی گھڑی ضبط کرلی۔ یہ مسافر دبئی سے دہلی پہنچا تھا۔

اطلاعات کے مطابق 11 نومبر کو دبئی سے فلائٹ SG5106 کے ذریعہ دہلی پہنچنے والے مسافر کو کسٹم حکام نے ٹرمینل 3 پر مشتبہ حالت میں روک لیا۔ اس کے بعد اس کے سامان اور شخصی تلاشی کے ساتھ ایکسرے اسکین بھی کیا گیا۔

جانچ کے دوران ڈی ایف ایم ڈی گیٹ پر الارم بجنے کے بعد حکام کو ایک قیمتی ونٹیج Patek Philippe Aquanaut گھڑی ملی۔ چارٹرڈ انجینئر سے جانچ کروانے پر گھڑی اصلی ثابت ہوئی اور اس کی قیمت تقریباً 94 لاکھ روپے بتائی گئی۔

کسٹم حکام نے کسٹمز ایکٹ 1962 کی دفعہ 110 کے تحت گھڑی ضبط کرلی، جبکہ مسافر کو دفعہ 104 کے تحت گرفتار کرلیا گیا۔ حکام نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ اس معاملہ میں اسمگلنگ کا پہلو بھی ہوسکتا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔

کسٹم حکام نے مسافروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ بیرون ملک سے لائی جانے والی ڈیوٹی کے دائرے میں آنے والی اشیاء کا لازمی اعلان کریں۔