دہلی اسمبلی الیکشن میں کانگریس سے اتحاد نہیں، کجریوال کا اعلان
کجریوال نے نئی دہلی میں پریس کانفرنس میں کہا ”دہلی میں کوئی الائنس نہیں ہوگا“۔ قبل ازیں صدردہلی پردیش کانگریس دیوندر یادو نے اعلان کیا تھا کہ کانگریس، اسمبلی الیکشن تنہاء لڑے گی۔
نئی دہلی: سابق چیف منسٹر اروند کجریوال نے اتوار کے دن اعلان کیا کہ دہلی اسمبلی الیکشن میں عام آدمی پارٹی کسی بھی جماعت سے اتحاد نہیں کرے گی۔ اس طرح فروری کے آس پاس منعقد ہونے والے 70 رکنی دہلی اسمبلی الیکشن میں سہ رخی مقابلہ کی راہ ہموار ہوگئی۔
کجریوال نے نئی دہلی میں پریس کانفرنس میں کہا ”دہلی میں کوئی الائنس نہیں ہوگا“۔ قبل ازیں صدردہلی پردیش کانگریس دیوندر یادو نے اعلان کیا تھا کہ کانگریس، اسمبلی الیکشن تنہاء لڑے گی۔ دونوں جماعتوں نے لوک سبھا الیکشن میں نشستوں کی تقسیم کا معاہدہ کیا تھا، لیکن 7نشستوں میں ایک بھی جیت نہیں پائی تھیں۔
ساری نشستیں بی جے پی کے کھاتے میں چلی گئی تھیں۔ اب دیکھنا ہوگا کہ ملک کی سب سے قدیم جماعت کانگریس اس کا ساتھ چھوڑ کر کجریوال کی پارٹی کی تائید کرنے والے اپنے ووٹرس کو کس حدتک واپس لاسکتی ہے۔ پچھلے دو الیکشن میں کانگریس ایک بھی نشست نہیں جیت سکی۔ قبل ازیں کجریوال نے دہلی میں نظم و ضبط کی خراب ہوتی صورتحال پر تنقید کی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ دو تا تین سال میں نظم و ضبط کی صورتحال ابتر ہوگئی۔ لوگ مسلسل خوف میں جی رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ جرائم پیشہ سرغنوں سے مشتبہ روابط پر عام آدمی پارٹی رکن اسمبلی نریش بالیان کو گرفتار کرتے ہوئے مرکزی حکومت نے گینگسٹر س کو اشارہ دیا ہے کہ وہ بیخوف کام کرسکتے ہیں۔